واشنگٹن (آن لائن) امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ معاملات چلانے میں مزہ نہیں آرہا کیونکہ گزشتہ کئی سالوں سے اس کے ساتھ تعلقات مخمصے کا شکار ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ملازمین کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے ٹلرسن نے کہا کہ پاکستان کیساتھ معاملات چلانے میں ہرگز مزہ نہیں آرہا۔ انہوں نے کہا اگرچہ پاکستان امریکہ کا ایک اہم اتحادی اور قابل قدر پارٹنر ہے تاہم ملک کیساتھ گزشتہ کچھ سالوں سے تعلقات مخمصے کا شکار ہیں ہم ان تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے کوشاں ہیں جو کہ مشترکہ مفادات پر مبنی ہوں۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں امریکہ اپنے خدشات کے متعلق پاکستان کیساتھ بے تکلفانہ طریقے سے بات چیت بھی کررہا ہے۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی جنوبی ایشیا پالیسی کو انتہائی اہم خارجہ پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی کے ذریعے صدر نے خطے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں فوج موجود رکھنے اور طالبان کے خلاف لڑائی جاری رکھنے کا فیصلہ بھی ایک جراتمندانہ اقدام ہے۔