لاہور (سپورٹس رپور ٹر + نمائندہ سپورٹس )قائد اعظم ٹرافی میں سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر عمران بٹ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کر دیئے گئے۔ قواعد کے مطابق ان پر 2 سال کیلئے کرکٹ کے دروازے بند کئے جا سکتے ہیں۔ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ایونٹ قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران معمول کے مطابق مختلف 15کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لئے گئے تھے، ان میں سے عمران بٹ کے یورین سیمپل میں ممنوعہ طاقت بخش ادویات کا استعمال ثابت ہو گیا۔یاد رہے کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ووڈا قوانین کا اطلاق کرتے ہوئے گاہے بگاہے کرکٹرز کے ڈوپ ٹیسٹ لئے جاتے ہیں، ضوابط کے مطابق گرفت میں آنے والے عمران بٹ پر 2 سال کیلئے کرکٹ کے دروازے بند کئے جا سکتے ہیں۔