بلوچستان کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوق کی بجائے قلم دینا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پورا کرئے گی: خواجہ سعدرفیق

Dec 14, 2017 | 20:16

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سبی ہرنائی ریلوئے سیکشن کی بحالی کے بعد عوام کی آمد ورفت میں آسانی کے ساتھ خوشحالی کے نئے باب کا آغاز ہو گا،نیشنل لاجسٹک سیل کے ماہر و تجربہ کار انجینئرز کے زیر نگرانی سیکشن کی بحالی کاکام اپریل2018تک تکمیل تک پہنچ جائے گا،سبی ریلوئے اسٹیشن کاشمارملک کے جدید ترین ریلوئے اسٹیشن میں ہوگا،بلوچستان کی ترقی کے دشمن رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں،پاکستان کے دشمن ملک سے رقم لیکر بلوچستان میں تخریب کاری کرنے والے بیرون ممالک میں آسائش کی زندگی گزار رہے ہیں،بلوچستان کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوق کی بجائے قلم دینا چاہتے ہیں،سبی ہرنائی ریلوئے سیکشن کے ساتھ شاہراہ بھی جلد تعمیر کی جائیگی،مستحکم پاکستان کے لیے پرامن بلوچستان ناگزیر ہے ،قیام امن کے لیے سیکورٹی فورسز کی قربانیاں قابل ستائش ہیں ,موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پورا کرئے گی، ریلوئے کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے تاکہ عوام براہ راست استعفادہ حاصل کرسکیں۔ان خیالات اظہار انہوں نے سبی ہرنائی ریلوئے اسٹیشن کے معائنہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت میں کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری،ڈائریکٹر جنرل نیشنل لاجسٹک سیل میجر جنرل فیصل مشتاق،پروجیکٹ ڈائریکٹر برگیڈئیر عمر فاروقی،صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز خان بگٹی،صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال،آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری،ایڈیشنل جنرل منیجر پاکستان ریلوئے انور جاوید،پروجیکٹ منیجر کمانڈنگ آفیسر کرنل عمر فاروق،ڈویژنل سپرٹنڈنٹ ریلوئے کوئٹہ عمر بنگلزئی،کمشنر سبی ڈویژن شہریار تاج،ڈی آئی جی پولیس سبی ملک سلیم لہڑی ،کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ،ڈپٹی کمشنر سیف اللہ کھیتران،قبائلی شخصیت سردار بختیار خان باروزئی ،ایس ایم محمداشرف و دیگر بھی موجود تھے. قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوئے خواجہ سعد رفیق نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری،ڈائریکٹر جنرل این ایل سی میجر جنرل فیصل مشتاق کے ہمراہ کمانڈنگ آفیسر پروجیکٹ منیجر کرنل عمر فاروق نے سبی ریلوئے اسٹیشن اور تندوری کے مقام پر ریلوئے سیکشن کے تعمیراتی کام کا تفصیلاً معائنہ کرایا ،بعد ازاں پروجیکٹ منیجر برگیڈئیر عمر فاروقی نے وفاقی وزیر ریلوئے خواجہ سعد رفیق،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری،ڈی جی این ایل سی میجر جنرل فیصل مشتاق،ائے جی ایم ریلوئے انور جاوید و دیگر کو سبی ہرنائی ریلوئے سیکشن کی تعمیر و بحالی کے سلسلے میں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ 132کلومیٹر سبی تا کھوسٹ ریلوئے سیکشن کی بحالی کے منصوبے پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے اور انشاء اللہ اپریل 2018تک مکمل ہو جائے گا جس کے بعد عوام کو آمد ورفت میں آسانی ہوگی .اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوئے خواجہ سعد رفیق نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بلوچستان کی ترقی کے دشمن صوبے میں بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کانشانہ بناکر خوف وہراس پھیلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں, تخریب کاری جیسے بزدلانہ اقدام سے صوبے میں ترقی کے عمل کو روکا نہیں جاسکتا ہے .انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والے خود بیرون ملک بیٹھ کر آسائش کی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ بلوچستان کے عوام کو پسماندگی کی جانب دھکیل رہے ہیں .انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کی نئی نسلو ں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی کے زینوں کو چھو نہیں سکتی ہے. انہوں نے کہا کہ سبی ہرنائی ریلوئے سیکشن کی تعمیر کے علاوہ سبی کو ہرنائی سے بذریعہ سڑک جلد ہی منسلک کیا جائے گا جس کے لیے جلد ہی وزیراعظم سے بات کروں گا. انہوں نے مزید کہا کہ سبی ہرنائی ریلوئے سیکشن کی بحالی یقینا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے لیکن اس چیلنج سے نبردآزما کرنے کے لیے نیشنل لاجسٹک سیل نے جو بیڑہ اٹھایا ہے انشاء اللہ وہ اپریل2018تک مکمل ہو جائے گا جس کے بعد سبی اور ہرنائی کے عوام کے درمیان فاصلے سِمٹ جائین گے اور آمدورفت میں آسانی ہو گی جبکہ علاقے میں خوشحالی و ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گا. انہوں نے کہا کہ نیشنل لاجسٹک سیل کے تجربہ کار و ماہر انجینئرز کی دن رات کی کاوشیں ضرور بارآور ثابت ہوں گی. انہوں نے کہا کہ سبی ریلوئے اسٹیشن کی توسیع و تزئین کے بعد سبی ریلوئے اسٹیشن کا شمار ملک کے جدید ریلوئے اسٹیشن میں ہوگا جو کہ خوش آئند اقدام ہے جبکہ ریلوئے کو اپ گریڈ کرکے کوئٹہ ڈویژن سے چلنے والی مسافر ٹرینوں میں مسافروں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں, اس کے علاوہ ٹرینوں کی تاخیر کا معاملہ حل کردیا گیا ہے اور الحمد اللہ ٹرینیں اپنے اوقات کے مطابق منزل تک پہنچ رہی ہیں .انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت ضرور پورا کریں گی اور جمہوریت کے دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہو جائیں گے. انہوں نے ایمپائر کے اشاروں کا دور ختم ہو چکا ہے, ہم جمہوریت پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں اور عوام ہی ہماری سیاست کا محور ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ انشاء اللہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت ضرور پورا کریں گی ۔

مزیدخبریں