وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مفاد عامہ کے عظیم الشان منصوبے اورنج لائن میٹروٹرین کی جلد سے جلد تکمیل کے لئے شبانہ روز محنت سے کام کیا جائے اورمنصوبے سے منسلک متعلقہ کاموں پر رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ابتدائی طبی امداد اور ریسکیو1122 کے پوائنٹس بحال کئے جائیں اوروزیراعلی کی تعمیراتی کاموں سے منسلک ضروری آلات جلد خریدے جائیں۔تاریخی مقامات کی بحالی اور تزئین و آرائش کو جلد مکمل کیا جائے۔ منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز اور ٹیکنیشنز کیلئے موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔تعمیراتی کاموں کے دوران اردگرد سے گزرنے والے شہریوں کی حفاظت کیلئے بھی جامع حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور متعلقہ ادارے آپس میں انتہائی قریبی رابطہ رکھتے ہوئے تعمیراتی کام کو تیزی سے آگے بڑھائیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ عام آدمی کوعالمی معیار کی باوقار اور باکفایت سفری سہولتیں فراہم کرے گا اوریہ منصوبہ جتنی جلدی مکمل ہوگا اتنا ہی عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی مخالفین کے ذاتی مفادات کے باعث منصوبے میں 22ماہ کی بے پناہ تاخیر ہوئی ہے ۔ جن سیاسی عناصر نے اس عظیم منصوبے میں رکاوٹیں کھڑی کیں وہ بے نقاب ہو چکے ہیں۔پی ٹی آئی نے عوامی مفادات کو نظرانداز کر کے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ۔جن سیاسی عناصر کے باعث تاخیر ہوئی، انہیں عام آدمی کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں۔لیکن ہم تاخیر کا ازالہ محنت ، محنت اور صرف محنت سے کریں گے اور اس مقصد کیلئے ہم سب کو ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہے ۔یہ وقت صرف محنت کے ساتھ کام کرنے کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ، اب وقت ضائع کئے بغیر تیزی سے آگے بڑھنا ہے ۔آپ سب منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے جت جائیں اوراپنی مخلصانہ کاوشوں کو ڈبل کر دیں ۔ محنت سے کام کریں گے تو اللہ تعالیٰ بھی ہاتھ تھامے گا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے منصوبہ دو بارہ ٹریک پر آگیاہے اور یہ منصوبہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے ۔اس منصوبے کو نئے عزم اور نئے جذبے کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔جتنا بڑا چیلنج ہے اتنی ہی محنت سے کام کرنا ہوگا۔چیلنج قبول کرکے آگے بڑھیں اور نتائج دیں۔ قوم کو کچھ کرکے دکھانے کے لئے آپ کے پاس یہ سنہری موقع ہے۔ میں منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا باقاعدگی سے جائز ہ لے رہا ہوں۔اجلاس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیااورسپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ہدایات پر عملدرآمد پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیر اعلی کو تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
شہباز شریف کالندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب، اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت
Dec 14, 2017 | 22:29