پی پی 168 تحریک انصاف کے اسد کھوکھر نے مسلم لیگ ن کی چھوڑی نشست جیت لی

Dec 14, 2018

لاہور / کاہنہ (خصوصی رپورٹر + اپنے نامہ نگار سے + خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار) لاہور میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 168 کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کے امیدوار ملک اسدعلی کھوکھر نے17579 ووٹ لے کر مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا خالد محمود قادری کو پچھاڑ دیا۔ رانا خالد محمود قادری نے 16892 ووٹ حاصل کئے۔ یہ نشست خواجہ سعد رفیق نے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد خالی کی تھی۔ پی پی 168 میں کل ووٹر 126912ایک لاکھ چھبیس ہزار نو سو بارہ تھے جن میں سے 73 ہزار 724 مردوں اور 53 ہزار 188 خواتین کے ووٹ تھے۔ ووٹنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ کل 83 پولنگ سٹیشنوں میں 22 پولنگ سٹیشن حساس قرار دیئے گئے تھے تاہم پولنگ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ پولنگ کو پرامن رکھنے کے لئے الیکشن کمشن نے رینجرز طلب کر رکھی تھی جبکہ پولیس بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہی تھی۔ پاک فوج کو سٹینڈ بائی رکھا گیا تھا لیکن فوج بلانے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ریٹرننگ افسر کے دفتر چشتیہ ہائی سکول کے باہر مسلم لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد جمع ہو گئی تھی۔ کارکن مسلم لیگ کے ترانے بجا رہے تھے اور پرجوش نعرے لگاتے رہے تاہم نتیجہ آنے پر وہاں سے خاموشی کے ساتھ چلے گئے۔ قبل ازیں سارا دن دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکن بہت پرجوش نظر آئے۔ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے پی پی 168 کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدوار ملک اسد علی کھوکھر کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلی نے کہا نتائج نے ثابت کیا ہے عوام وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں اور تحریک انصاف کی اب تک کی شاندار کارکردگی کی بدولت عوام نے الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔ انہوں نے کہا ضمنی الیکشن میں کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے اور ضمنی الیکشن کا نتیجہ مخالف سیاسی جماعتوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق لاہور میں ہونے والے پنجاب اسمبلی کے حلقہ میں ضمنی الیکشن سے ایک رات قبل پولیس نے درجنوں مسلم لیگ کے رہنما¶ں اور ورکروں کو چھاپے مار کر گھروں سے گرفتار کر لیا۔ مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے الزام لگایا پولیس نے پری پول دھاندلی کیلئے ہمارے کارکنوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ڈی ایس پی کاہنہ رضا کار شاہ نے کہا ہم نے آشیانہ روڈ پر پی ٹی آئی کی انتخابی دفتر پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان شہزاد، شعیب، یٰسین اور آصف سمیت 12 کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار خالد قادری نے کہا ہمارے ڈھائی سو سے زائد کارکن گرفتار کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ہم الیکشن ہارے۔


ضمنی الیکشن

مزیدخبریں