قصور : امرود باغ میں درخت سے لٹکتی پھندا لگی لڑکی لڑکے کی نعشیں برآمد

Dec 14, 2018

قصور+ وزیر آباد+ قلعہ دیدار سنگھ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) قصور بائی پاس کے قریب جواں سالہ لڑکے، لڑکی کی پھندا لگی نعشیں برآمد ہوئیں۔ وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ قصور بائی پاس کے قریب امرود کے باغ میں لڑکے، لڑکی کی پھندا لگی نعشیں ایک درخت کے ساتھ لٹک رہی ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کی نعشوں کو درخت سے اتار لیا۔ پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا، پولیس کے مطابق لڑکے کی شناخت حسنین کے نام سے ہوئی ہے جو لاہور اچھرہ کا رہائشی ہے۔ لڑکی کی شناخت کے لیے پولیس ابھی تک کوشش کررہی ہے تاہم ابھی تک معاملہ حل نہیں ہو سکا۔ دونوں کو قتل کیا گیا ہے یا انہوں نے خودکشی ہے ڈی پی او قصور ڈاکڑ آصف شہزاد خاں نے اے ایس پی صدر سرکل کی سربراہی میں تحقیق کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب بزدار نے قصور میں مرد اور عورت کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے قتل کے واقعہ کی تحقیقات کی حکم دے دیا۔ ہدایت کی کہ قتل کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔ مزیدبرآں وزیرآباد/قلعہ دیدار سنگھ نواحی قصبہ ککہ کولو میں نامعلوم ملزمان ماں بیٹی کو قتل کر کے فرار، نعشیں دو روز پرانی، بدبو اٹھنے پر اہل علاقہ کو واردات بارے معلوم ہوا۔ وزیرآباد کے تھانہ احمد نگر کے علاقہ ککہ کولو میں ماں بیٹی کے قتل کا واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے افتخار چیمہ مرحوم کی اہلیہ 45سالہ رقیہ بی بی، 18سالہ بیٹی مریم جو کہ ایف اے کی طالبہ تھی کو چھری کے وار کر کے بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا۔ ملزمان مقتولہ خواتین کو کمرہ میں بند کرکے گھرسے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، موبائل، گھڑی ودیگر قیمتی اشیاءلیکر فرار ہوگئے۔ گھر سے بدبو آنے پر اہل علاقہ نے پولیس کو مطلع کیا تو معلوم ہوا کہ ماں بیٹی کو قتل کر دیا گیا۔ نعشیں دو روز پرانی ہیں قتل ہونے والی خاتون کا شوہر تین سال قبل وفات پا چکا ہے، ماں بیٹی گھر میں اکیلی رہائش پذیر تھیں۔ مقتولہ کا بیٹا عبدالرحمن گوجرانوالہ کے قصبہ قلعہ دیدار سنگھ میں آڑھتی ہے جس کے مطابق اسے مریم کے کالج میں نہ آنے پر اسکی ٹیچر نے دریافت کیا تو گھر سے چیک کروانے پر یہ واقعہ سامنے آیا۔ پولیس تھانہ احمد نگر نے دونوں نعشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد منتقل کیا۔ پنجاب فرانزک لیب کی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا مزید تحقیقات کی جاری ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ماں بیٹیوں کو خنجر اور چھری کی مدد سے قتل کیا گیا۔ مقتولہ رقیہ بی بی کی بیٹے عبدالرحمن کی مدعیت میں تھانہ احمدنگر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان گھر سے 25 تولے طلائی زیورات، ہزارروں روپے نقدی، موبائل فون ودیگر قیمتی اشیاءبھی ساتھ لے گئے۔
ماں بیٹی قتل

مزیدخبریں