لاہور( اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت میں نیب حکام نے آشیانہ اقبال سکینڈل میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف دو ہفتوں میں ریفرنس پیش کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ ونگ افسر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا، عدالت نے ڈائریکٹر ونگ کو ذاتی حیثت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ استغاثہ کے وکلا کی تاخیر سے آمد پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دئیے کہ جب کسی ملزم کا ریمانڈ حاصل کرنا ہوتا ہے نیب کی پوری ٹیم عدالت میں پہنچی ہوتی ہے۔ آشیانہ ہاو¿سنگ سکینڈل کیس میں فواد حسن فواد کا ابھی تک ریفرنس فائل کیوں نہیں کیا۔ آپ نے بندے کو تحویل میں 90 روز یا اس سے کم جسمانی ریمانڈ میں رکھا لیکن جب ریفرنس دائر کرنا ہوتا ہے تو ڈھیلے بن جاتے ہیں۔ فواد حسن فواد، احد چیمہ، شاہد شفیق، بلال حیدر اور بلال قدوائی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے ملزموں کو واپس جیل بھجوا دیا۔ دوسری جانب اسمبلی اجلاس کے باعث شہباز شریف کا ریمانڈ ختم ہونے کے باوجود انہیں احتساب عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا۔ شہباز شریف کو لاہور میں موجود ہونے کی صورت میں 21 دسمبر کو احتساب عدالت کے رو برو پیش کیا جائے گا۔ جیل حکام نے عدالت کو شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ اور قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی شرکت بارے بھی آگاہ کر دیا۔
شہبازشریف، فواد حسن
اسلام آباد (آئی این پی) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پیر صابر شاہ، سابق صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو، محکمہ محصولات ڈیرہ اسمٰعیل خان کے افسران، قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹرآئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور او جی ڈی سی ایل کی انتظامیہ، ایم پی اےز شرجیل انعام میمن، عبدالکریم سومرو ، سابق ایم پی اے سردارقیصر عباس، ناصر عباس، سردار لال خا ن اورسابق ممبر صوبائی اسمبلی عبدالمجیدابڑو سمیت دیگر کے خلاف سولہ انکوائریوں ، جناح میڈیکل کالج پشاور کی انتظامیہ اور دیگر، سرحد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران/اہلکاران کے خلاف 2 انو یسٹی گیشنز جبکہ سابق چیئرمین ورکرز ویلفیئرز، بلوچستان بورڈ خواجہ صدیق اکبر، سابق ایڈمنسٹریٹر کڈنی سنٹر کوئٹہ اور سابق نامزد گورنر بلوچستان ڈاکٹر امیر احمد خان جوگیزئی کے خلاف بدعنوانی کے2 ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی گئی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا ۔ نیب نے واضح کیا کہ تمام انکوائریاں اورانویسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جو حتمی نہیں۔ مزیدبرآں قومی احتساب بیورو(نیب )کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال سے امان اللہ کنرانی صدر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن نے نیب ہیڈکوارٹرز میںملاقات کی او ر قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کی کارکردگی کو سراہا۔
نیب/بورڈ/منظوری