نئی دہلی(آئی این پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2019کرپشن سے پاک ہوگا۔نئی دہلی میں ایک تشہیری ایونٹ کے دوران میڈیا سے بات چیت کے دوران ڈیو رچرڈسن نے کہاکہ کھیل کو شفاف بنانے کیلیے سخت انتظامات کررہے ہیں، حکومتیں بھی فکسرز کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجنے کیلیے قانون سازی کریں، بھارت کے سوا تمام ممالک کرکٹ کو اولمپکس کا حصہ بنانے کے حق میں ہیں۔خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ حالیہ کچھ عرصے میں ایک بار پھر کرکٹ میں کرپشن کی وبا تیزی سے پھیلی ہے، اس وقت بھی آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کئی کیسز کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں سری لنکا کے سابق اوپنر سنتھ جے سوریا اور بولنگ کوچ نوان زوئیسا معطل بھی ہوچکے ہیں۔ڈیو رچرڈسن نے کہاکہ آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ ان لوگوں کو انگلینڈ کا رخ کرنے سے روکنے کی کوشش کررہا ہے جو کھیل کو آلودہ کرنے کیلیے سفر کرتے ہیں، ہم اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، ہمیں پورا یقین ہے کہ ورلڈ کپ کرپشن سے پاک ثابت ہوگا،ہم اس بات کی بھی کوشش کررہے ہیں کہ مختلف حکومتیں فکسرز کو جیل میں بھیجنے کیلیے مناسب قانون سازی بھی کریں۔59سالہ سابق جنوبی افریقی وکٹ کیپر رچرڈسن نے مزید کہا کہ ہم کرکٹ کو اولمپکس 2028 کا حصہ بنوانا چاہتے ہیں مگر یہ کہنا آسان اور کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ اس کیلیے آپ کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو راضی کرنا ہے، کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کیلیے ہمارے 104 میں سے 103 ممبر حمایت کررہے ہیں صرف بھارتی بورڈ کا اپنے ملک کی اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ کچھ ایشو ہے، البتہ مجھے یقین ہے یہ معاملات بھی جلد حل ہوجائیں گے۔