جنوبی افریقہ کی وکٹیں بائولرز کیلئے سازگار، نیچرل کھیل کھیلنے والا کامیاب ہو گا: سرفراز احمد

Dec 14, 2018

کراچی /لاہور(آئی این پی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ جنوبی افریقا کے مشکل دورے میں شکست سے خوف زدہ نہ ہوں اور بانسی پچوں پر وہی کامیاب ہوگا جو دلیری سے اپنا نیچرل کھیل کھیلے گا۔کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقا روانگی سے قبل خصوصی انٹرویو میں کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کو یہی بتایا ہے کہ دلیر بن کر اپنا نیچرل گیم کھیلیں، چار پانچ کھلاڑیوں کے علاوہ اکثر کھلاڑی پہلی بار جنوبی افریقا کا دورہ کررہے ہیں، اس لئے ان پر دبا کم ہوگا۔سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے اس ٹیسٹ ٹیم سے جیت کے لئے بڑی امید ہے، موجودہ ٹیم میں اظہر علی اور اسد شفیق ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، دونوں کی کارکردگی سے ٹیم کو فائدہ ہوگا، دونوں جنوبی افریقا کی پچوں کو اچھی طریقے سے جانتے ہیں اگر دونوں نے کارکردگی دکھائی تو پاکستان کو جیت سے روکنا مشکل ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہو گئی جو متحدہ عرب امارات (یو اے ای)سے ہوتی ہوئی جوہانسبرگ پہنچے گی، کپتان سرفراز احمد اچھی کارکردگی کے لیے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی وکٹیں بالرز کے لیے ساز گار ہوتی ہیں اور یہاں فاسٹ بالرز کا کردار ہی اہم ہوتا ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر کو شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری 2019 اور تیسرا ٹیسٹ 11 جنوری سے شروع ہوگا۔ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے کی سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 19 جنوری کو پورٹ الیزبتھ، دوسرا 22 جنوری کو ڈربن، تیسرا 25 جنوری کو سنچورین، چوتھا 27 جنوری کو جوہانسبرگ اور پانچواں 30 جنوری کو کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی یکم فروری کو کیپ ٹائون، دوسرا 3 فروری کو جوہانسبرگ اور تیسرا سنچورین میں 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں