لاہور (آن لائن) سابق ہاکی اولمپیئن فیروز خان اور حنیف خان قومی ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر ’’دور کی کوڑی‘‘ لے آئے ،کہتے ہیں کہ ہاکی ٹیم کے اس ایونٹ سے باہر ہونیکی بڑی وجہ کھلاڑیوں کا شادی شدہ ہونا ہے۔ ایک انٹر ویو کے دوران فیروز خا ن کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ہماری ٹیم کی بدترین ناکامیوں کے ایک بڑی وجہ کھلاڑیوں کا شادی شدہ ہونا ہے، ہمارے کئی کھلاڑی شادی شدہ ہیں جو گرائونڈپر وقت گزارنے کے بجائے اپنے اہل خانہ کے ساتھ مصروف رہتے ہیں۔اولمپیئن حنیف خان کا کہنا تھا کہ گھر میں شادی شدہ ہونا الگ چیز ہے اور گرائونڈمیں شادی شدہ ہونا الگ چیز ہے، آپ شادی شدہ کھلاڑیوں سے وہ پھرتی اور تیزی نہیں حاصل کرسکتے جو کنوارے کھلاڑیوں سے حاصل کرسکتے ہیں ، ہمارے زمانے میں تو کھلاڑی ریٹا ئر منٹ کے بعد شادی کرتے تھے۔حنیف خان کا مزید کہنا تھا کہ یورپ نے اپنے کھلاڑیوں کو دیکھتے ہوئے ہاکی کے قوانین بدلے ہیں کیوں ہمار ملک گرم ہے اور ہمارے کھلاڑی زور لگا کر کھیلنے پر فوکس کرتے ہیں تاہم یورپ نے 15،15منٹ کے ہاف بنائے تاکہ ان کے کھلاڑیوں کو آرام مل سکے اور ہمارے کھلاڑی جسم گرم ہونے کے باوجود سو فیصد کارکردگی نہ دکھا سکیں۔
شادی شدہ کھلاڑی کنواروں جیسی پھرتی نہیں دکھا سکتے ،سابق اولمپئن
Dec 14, 2018