اہل لاہور کو خراج تحسین، فلاپ شو کی باتیں کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف: شاہد خاقان، احسن اقبال 

Dec 14, 2020

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری جنرل پی ڈی ایم شاہد خاقان عباسی نے اہل لاہور کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ زندہ دلان لاہور نے شدید سردی کے باوجود مینار پاکستان پر نئی تاریخ رقم کی۔ آپ کی جرات کو سلام، کرسیاں بھی لگیں، عوام نے مینار پاکستان بھی بھر دیا۔ اب سلیکٹیڈ ووٹ چور اپنے دن گنیں۔ فلاپ شو کی باتیں کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔  سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ مینار پاکستان پر جلسہ جعلی حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم تھا  آئین جمہوریت اور ووٹ کو عزت دو کے حق میں فیصلہ دیا مینار پاکستان پر عوام کی بے مثال حاضری پی ڈی ایم نواز شریف کے بیانیے فتح ہے مینار پاکستان پر ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کرانے اسلا مآباد جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے  رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں۔ تاہم ان کی پشت پر موجود اسٹبلشمنٹ اگر چاہے تو مذاکرات نتیجہ خیز ہو سکتے ہیں۔ ساری قوتیں ایک بار بیٹھ کر فیصلہ کر لیں کہ ریاست کس طرح چلے گی۔ جو باتیں پس پردہ چل رہی ہیں اسے پس پردہ ہی رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست مفاہمت کا نام ہے اور بات چیت ان اداروں اور تمام پلیئرز کے ساتھ ہونی چاہئے جو اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس بندے کا پارلیمنٹ کے ادارے پر یقین ہی نہیں اس سے کیا مذاکرات ہونے ہیں۔ مقامی لیگی قیادت اور کارکنوں کے ہمراہ لاہور جانے کیلئے روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں لیکن تحریک کامیاب ہو گی۔ کوئی رکاوٹ اسے نہیں روک سکتی۔ 

مزیدخبریں