لاہور+کراچی (نمائندہ خصوصی+این این آئی) بھارتی جیلوں میں دوران قید ظلم و جبرکی صعوبتیں برداشت کر کے رہائی پا کر پاکستان پہنچنے والے20 ماہی گیروں میں سے ایک لاہور کے میو ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔ اپنے گھروں کو پہنچنے والے ماہی گیروں میں سے اکثر کی حالت غیر، بعض مریض بن گئے، بھارتی جیلوں میں گلا سڑا ہوا کھانا دیا جاتا تھا، شکایت پر انسانیت سوز سلوک کیا جاتا تھا۔ متوفی ماہی گیر کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر لاہور میں قرنظینہ کر دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی جیلوں میں دوران قید ظلم و جبرکی صعوبتیں برداشت کر نے کے بعد رہائی پاکر پاکستان پہنچنے والے20 ماہی گیروں میں سے موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے والا نواز علی ملاح دوران علاج لاہور کے ایک ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا۔ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے چیئرمین عبدالبر کی ہدایت پر متوفی ماہی گیر نواز ملاح کی میت کیٹی بندر پہنچانے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ نواز علی ملاح کی ہلاکت کی اطلاع پہنچنے پر کیٹی بندر اور اطراف کے علاقوں میں صف ماتم بچھ گئی۔