کراچی (نیوز رپورٹر) صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری و مربوط نگرانی کے سلسلے میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ متواتر اقدامات کررہا ہے ، ضلع ملیر میں فرنٹ اینڈ کلیشن (علاقوں سے کچرااٹھانے)کے عمل کو ای آرپیERP کلاؤڈ بیس نظام متعارف کروانے کے بعد ملیرکے علاقوں سے کچرا جی ٹی ایس شرافی پر منتقلی کا عمل اور اسکی مانیٹرنگ کاعمل بھی کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے۔ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، زبیر چنہ نے ڈائریکٹر آپریشن ملیر ،صابر شاہ کے ہمراہ جی ٹی ایس شرافی کا دورہ کیا اور مانیٹرنگ کے خودکار نظام کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر صابر شاہ نے ایم ڈی کو مکمل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جب چائنیز کمپنی کی گاڑی ضلع ملیر کی یونین کمیٹی سے کچرا لے کر جی ٹی ایس پہنچے گی تو ہر کچرا گاڑی میںنصب کی گئی R.F.I.D.Chip) )چپ کے ذریعے ویٹ برج(Weighbridge) پر ریڈر کے ذریعے گاڑی کے نمبر سمیت ، کچرے کا وزن دیگر تفصیلات کے بعد کمپیوٹرائزڈ سلپ کی فراہمی تک تمام عمل خودکار نظام کے تحت ہوگا۔ جبکہ اس نظام کے بعد تمام عمل شفاف (Transparant) ہو جائے گا۔ مزید براں انہوں نے ایم ڈی کو بتایا کہ ٹاور پر 360 ڈگری کیمرے کی تنصیب کردی گئی ہے جس سے متعلقہ افسران اپنے موبائل پر آن لائن تمام امور کی نگرانی کرسکیں گے جبکہ کیمرے کا کنٹرول متعلقہ افسران کے پاس ہوگا۔ دیگر تفصلات میں جی ٹی ایس شرافی پر 800 ٹن کچرا روزانہ کی بنیاد پر منتقل ہوتا ہے جو کہ روزانہ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا جاتا ہے۔ دیگر اقدامات میں جی ٹی ایس سے لینڈفل سائیٹ کے نظام کو بھی کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے ورکنگ کی جا رہی ہے۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کے نظام کو شفاف بنانے کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں اس سے ادارے کی کارکردگی مزید بہتراورمانیٹرنگ کا مربوط نظام تشکیل پائے گا۔ بعد ازاں انہوں نے 100 کوارٹر جی ٹی ایس کا بھی دورہ کیا ۔
گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن شرافی کمپیوٹرائزخودکار نظام پر منتقل کردیا گیا
Dec 14, 2020