پی ایس ایل ڈرافٹنگ میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے پالیسی مختلف ہے: سلمان بٹ 

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ڈرافٹنگ میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے پالیسی مختلف ہے۔ اپنے کئی کھلاڑیوں کی کیٹیگری بغیر کسی وجہ کے بدلی گئی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو غیر ضروری طور رعایت دی گئی ہے۔ اگر کسی سینئر کرکٹر کا راستہ روکنا ہے اور ایسی پالیسی بنانی ہے جس سے نوجوانوں کو موقع ملے تو پھر غیر ملکیوں کے لیے بھی یہی پالیسی ہونی چاہیے۔ پی ایس ایل میں ڈرافٹ، کھلاڑیوں کو منتخب کرنے میں پاکستان سپر لیگ کے فرنچائز مالکان آزاد ہیں وہ جسے چاہتے ہیں منتخب کرتے ہیں۔ کھلاڑیوں کی کیٹیگری بورڈ بدل دیتا ہے۔ اس معاملے میں بھی میرٹ کو نظر انداز کیا جاتا ہے پھر فرنچائز مالکان بھی جسے چاہتے ہیں منتخب کرتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ پاکستان میں چھ وکٹ کیپرز نہیں ہیں یا پھر کوئی لیگ سپنر اور آف سپنر نہیں ہے، جن وکٹ کیپرز کو منتخب کیس گیا ہے بسم اللہ خان ان میں ہر لحاظ سے بہتر ہے۔ عماد بٹ کہاں ہیں، صاحبزادہ فرحان کہیں نظر نہیں آتے، بلال آصف منتخب نہیں ہوتے، اسی طرح طیب طاہر بھی نظر نہیں آتے حالانکہ وہ بھی باصلاحیت کرکٹر ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کے ساتھ اختیار کیا گیا رویہ نامناسب ہے۔ کامران اکمل نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے لیکن مجھے سمجھ آ رہا تھا کہ کامران اکمل کو بھی اس طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ ڈراپ ان پچز پر پیسے خرچ کیے جا رہے ہیں لیکن ڈومیسٹک کرکٹ میں پانچ ماہ سے کرکٹرز کو تنخواہ نہیں مل سکی۔

ای پیپر دی نیشن