دجالی تہذیب نے معاشرے کوبرائیوں میں گھیردیا:امیر شجاع الدین

Dec 14, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ دجالی تہذیب نے ہمارے معاشرے کو بھی اُن برائیوں سے دوچار کر دیا ہے۔ جن کی زد میں مغربی معاشرہ ایک عرصہ سے ہے جس سے معاشرتی برائیاں ہمارے معاشرے میں بھی وبا کی طرح پھیل گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایسے معاشرے کے قیام کا داعی ہے جس میں انسانی سطح پر مساوات ہو اور اجتماعی سطح پر عدل و قسط کا نظام قائم ہو جبکہ پاکستان میں ظلم اور ناانصافی کی وجہ سے خودکشیاں بڑھ رہی ہیں۔ لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کی تو اب کوئی بات بھی نہیں کرتا۔ حکمرانوں کی بدنیتی کی وجہ سے گزشتہ 40سال سے سود کے خاتمے کا کیس عدالتوں میں زیرالتوا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ سودی لین دین سے ہماری دنیاخسارے کا شکار ہے اور آخرت تباہ ہو رہی ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے  صدر کینٹ اور سوئی گیس کمیونٹی سنٹر میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔  شجاع الدین شیخ نے کہا کہ اللہ حاکم مطلق ہے۔ جب کہ انسانی حاکمیت کا تصور ہی تباہ کن ہے۔ ہمیں اللہ اور رسولؐکو ماننے کے ساتھ ساتھ عملاً اُن کی اطاعت بھی کرنا ہوگی۔ ہمیں اپنے بچوں کو یہ تعلیم دینا ہو گی کہ حضورؐ کے مشن کو آگے بڑھانا اُن کا دینی فریضہ ہے۔ تب ہی ایسی نسل پروان چڑھے گی جو اسلام جیسے عادلانہ نظام کو نافذ کر سکے گی۔

مزیدخبریں