پنجاب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی‘ سیکرٹری ہیلتھ کا جواب غیر تسلی بخش‘ 3 جنوری تک مہلت

Dec 14, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین ساجد احمد خان بھٹی کی زیر صدارت پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کو آڈٹ پیرا اعتراضات کے جوابات دیے۔ ڈی جی ڈسٹرکٹ آڈٹ نارتھ اکاؤنٹس اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ نے بھی آڈٹ پیرا اعتراضات کی وضاحت کی۔ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی ساجد احمد خان بھٹی اور ممبران کمیٹی کی جانب سے جوابات کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین ساجد احمد خان بھٹی نے کہا کہ محکمے کو صرف کاپی پیسٹ کرنے میں ایک سال لگا، رولز کے مطابق آپ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ سیکرٹر ی پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے آڈٹ پیرا اعتراضات کو دور کرنے کے لیے کمیٹی سے 10دن کا وقت مانگا، جس پر چیئرمین کمیٹی نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جب پانچ سال میں ریکارڈ کی تصدیق نہ ہو سکی، تو دس دن میں کیسے ہو گی؟۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کی افادیت اور اہمیت کو نظر انداز کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں ہوگی۔ بعدازاں کمیٹی نے آڈٹ پیراز کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر محکمہ کو 03جنوری 2022تک کی مہلت دیتے ہوئے اجلاس ملتوی کر دیا۔

مزیدخبریں