کراچی(نیوز رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ نے وہی لہجہ اختیار کیا جوچند سال قبل ذوالفقار مرزا نے اختیار کیا تھا۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ روز اپنے خطاب میں اقلیت کی غلط تشریح کی، اقلیت کی تشریح پاکستان کے آئین میں ہے جو مذہب کی بنیاد پر ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرادعلی شاہ نے کہا تھا کہ تم اقلیت میں ہو تمہارا کوئی حق نہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تم کبھی فیصلے نہیں کرسکتے تم غلام ہو، ذولفقار مرزا والا غرور اور تکبر کل مراد علی شاہ میں نظر آیا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان بنانے والوں کو کہا گیا کہ تم اقلیت ہو تمہاری کوئی زمین نہیں، جمہوریت میں اقلیت کی بھی رائے ہوتی ہے وجود ہوتا ہے، مہاجروں کی موجودہ نسل کے وجود کو ہی ماننے سے انکار کر دیا گیا۔