کراچی +لاہور( قمر خان +منیر احمد بھٹی+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 63 رنز سے شکست دیکر 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف دیا۔ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے، محمد رضوان 78 اور حیدر علی 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، کپتان بابر اعظم پہلے ہی اوور میں صفر پر آئوٹ ہوگئے جبکہ پاکستان کی دوسری وکٹ 35 رنز پر گری جب فخر زمان 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔2 وکٹیں گرنے کے بعد حیدر علی اور محمد رضوان کے درمیان 105 رنز کی شراکت داری بنی ، تاہم جب ٹیم کا مجموعی اسکور140 رنز پر پہنچا تو رضوان 78 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 147 رنز پر گری جب محمد آصف 1 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اس کے علاوہ افتخار احمد 7 اور حیدر علی 68 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔محمد نواز نے 10 گیندوں پر 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں 200 رنز تک پہنچایا۔ ویسٹ انڈیزکی جانب سے روماریو شیفرڈ نے دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا جبکہ اوشین تھامس،عقیل حسین، ڈومینک ڈریکس اوراوڈین اسمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔حیدر علی مین آف دی میچ قرار پائے۔