اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مشیر برائے خزانہ شوکت ترین سے فرٹیلائزر انڈسٹری کے ایک وفد نے ملاقات کی۔وفد نے کھاد کی صنعت کے مسائل کے حل کے لیے ایک رابطہ پلیٹ فارم فراہم کرنے پر مشیر کا شکریہ ادا کیا اور کسانوں کے فائدے کے لیے پاکستان میں یوریا کی قیمتوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کے مقابلے کم سطح پر رکھنے میں حکومت کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔ملاقات کے دوران وفد نے مشیر کو صنعت کے مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کے لیے حکومت سے مدد کیلئے کہا،مشیر نے وفد کو یقین دلایا کہ فرٹیلائزر انڈسٹری کے مسائل کو اولین ترجیح میں حل کیا جائے گا کیونکہ حکومت ملک کی معاشی ترقی میں صنعت کے اہم کردار کو سراہتی ہے۔ تاہم، مشیر نے اس بات پر زور دیا کہ صنعت کو فریمرز کو انتہائی مناسب قیمت پر یوریا فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا جاری رکھنا چاہیے۔ دریں اثنا مشیر خزانہ نے ایس ایم ای پالیسی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن نے اجلاس کو مجوزہ ایس ایم ای پالیسی اور ریگولیٹری اور ٹیکس ماحول، ایس ایم ایز کی فنانس تک رسائی، سمیڈا اور ایس ایم ای ڈیولپمنٹ فنڈ کی ادارہ جاتی مضبوطی سے متعلق اہم پالیسی سفارشات پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات پر تفصیل سے غور کیا گیا تاکہ اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے پالیسی کے فریم ورک پر اتفاق کیا جائے۔
مشیر خزانہ شوکت ترین سے فرٹیلائزر انڈسٹری کے وفد کی ملاقات
Dec 14, 2021