سعودی عرب داخلی سیاحت کے حوالےسے دنیا کے 10 طاقتور ممالک کی فہرست میں شامل

Dec 14, 2021 | 16:49

ویب ڈیسک

سعودی عرب داخلی سیاحت کے حوالےسے دنیا کے 10 طاقتور ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے قومی بجٹ 2022 فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ2022 میں داخلی سیاحت کا فروغ ترجیح ہے اور یہ وژن 2030 کا بنیادی ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ معیشت کو مضبوط بنانے اور شہریوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے 10 فیصد ملازمین کا تعلق سیاحت کے شعبے سے ہے اور عالمی معیشت کا 10 فیصد سیاحت پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مدد سے سیاحت کے شعبے کو بڑی اہمیت دے رہی ہے، اس شعبے نے اقتصادی فوائد حاصل کرنےبارےاپنی حیثیت منوا لی ہے جس کے بعد ملازمتوں کی فراہمی میں اس کا حصہ4 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاض میں عالمی سیاحت تنظیم کا پہلا ریجنل آفس کھول دیا گیا ہےجس کے تحت 13 علاقائی دفاتر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ 2022 میں ہماری ترجیح موسم گرما اور موسم سرما میں سیاحتی پیکیج کی تشہیر اور سیاحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری رکھنا ہے، آئندہ سال سیاحتی سیزن تمام پروگرامز کے ساتھ بحال ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت سیاحت نے شہریوں میں سرمایہ لگانے، انہیں ٹریننگ دینے اور سیاحت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کےلیے 500 ملین ریال کا بجٹ مختص کیا ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ سعودی سیاحت کے شعبے میں آگے آئیں۔

مزیدخبریں