لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی اسی مہینے تحلیل ہونے جارہی ہے۔ عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں بھکر، میانوالی، پاکپتن، ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ارکان نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے فیصلے کی توثیق کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی اسی ماہ تحلیل ہونے جارہی ہے اور 20 دسمبر سے قبل اسمبلی تحلیل کی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ اہم اتحادی ہے اور انہیں اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ مسلم لیگ ق اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر ہمارے ساتھ ایک پیج پر ہے۔ ہماری سیاست ملک سے بالاتر نہیں۔ اس حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا تھا کہ تمام ارکان اسمبلی نے عمران خان کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔
عمران خان
ق لیگ اور ہم ایک پیج پر،پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان 20دسمبر سے پہلے:عمران
Dec 14, 2022