اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے ایف آئی اے کیس میں سلمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے دو ہفتوں میں متعلقہ عدالت پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ عدالتی حکم پر سلمان شہباز پیش ہوگئے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سلمان شہباز آگئے ہیں؟۔ جس پر ان کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ جی سلمان شہباز عدالت میں موجود ہیں۔ لاہور کے سپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں پیش ہونا ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو سلمان شہباز کی گرفتاری سے روکتے ہوئے سلمان شہباز کو 14 روز تک متعلقہ عدالت سے رجوع کا حکم دےدیا۔ دوسری جانب سلمان شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج چار سال دو ماہ بعد پاکستان واپس آیا ہوں، ہم نے اپنے آپ کو عدالت کے سامنے سرنڈر کردیا ہے، پچھلے چار سال میں جو کھیل تماشا عمران خان نے ملک، میری فیملی کے ساتھ کیا وہ ساری دنیا نے دیکھا، شہزاد اکبر پاکستان سے بھاگے ہوئے ہیں، انہوں نے بھی کھلواڑ کیا پاکستان کے ساتھ، عمران خان برطانیہ کے نظام انصاف کی مثالیں دیتے نہیں تھکتا، برطانیہ میں حکومت پاکستان کے کہنے پر مقدمہ بنا اور 18 مہینے چلا، عمران خان خود قوم کے پیسے پر چکر لگاتے رہے، عیاشی کرتے رہے، مجھے اور میرے والد کو این سی اے نے انٹیروگیٹ کیا، این سی اے نے عمران خان کے منہ پر تھپڑ مارا اور ہمیں بری کیا، جس ادارے سے ہمیں ریلیف ملے آپ ان پر چڑھ دوڑتے ہیں، این سی اے نے کہا ایک پینی، ایک پاو¿نڈ کی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی، 25 ہزار ارب نیٹ اضافہ ہوا ہے پاکستان کے قرضوں میں، یہ جھوٹ بولتا ہے کہ قرضے واپس کرنے کیلئے مزید قرضے لیے، 25 ہزار ارب کے عوض کیا اثاثے بنے، یہ پیسے کہاں گئے؟۔ یہ گھڑیاں چوری کرتا رہا جو دوست ممالک نے دیں، ہم کہتے رہے مشرق اور مغرب دونوں پاکستان کے دوست ہیں۔ یہ جھوٹا، ڈرامے باز ہے۔ سائفر کے معاملے میں عیاں ہوگیا۔ یو اے ای کے تحفے اس نے بیچ دیئے۔ یہ شخص ریاست مدینہ، اخلاقیات کی بات کرتا ہے، فرح گوگی سچی ہے تو کیوں بھگایا اسے؟۔ مرشد سچی ہے؟۔ یہ گھٹیا آدمی ہے، اس نے خواتین تک کا خیال نہ کیا ان کو گرفتار کیا۔ آرمی چیف کے معاملے پر اس نے وقت برباد کیا۔ اس کے مقدمات کی مکمل پیروی ہوگی اور اس کو سزا ہوگی۔ اس کو ٹیریان خان کے کیس کا بھی جواب دینا ہے، یہ بتائے گا کہ یہ کیسے صادق اور امین ہے۔ شریف فیملی پر ایک پائی کی کرپشن بتائے قوم کو، اس کے پاس 4 سال حکومت رہی۔ قوم بھول گئی اس نے پرویز مشرف کے ریفرنڈم کو ووٹ دیا تھا، بعد میں مشرف کو گالیاں نکالتا رہا، یہ جنرل باجوہ کو جمہوری کہتا تھا، آج برا بھلا کہتا ہے، اتنی بے غیرتی اور بے شرمی، دوست ملک نے ایک ہی گھڑی بنائی، اس نے بیچ دی۔
سلمان شہباز
14روزہ حفاظتی ضمانت منظور،عمران کوٹیریان کیس کا جواب دینا ہوگا:سلمان شہباز
Dec 14, 2022