پی آئی ٹی بی سٹیزن کانٹیکٹ سنٹر کو 68 لاکھ سے زائد کالز موصول

Dec 14, 2022


لاہور ( نیوز رپورٹر) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منصوبے ’سٹیزن کانٹیکٹ سینٹر‘کے ذریعے 2015 سے اب تک شہریوں کی جانب سے معلومات‘اور شکایات کیلئے موصول ہونے والی 68 لاکھ سے زائد کالز کا جواب دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کے تاثرات جاننے کیلئے 61 لاکھ آؤٹ باؤنڈ کالز اور 1 کروڑ 80 لاکھ روبو کالز کی گئیں۔ اسکے ساتھ ساتھ یک طرفہ مییسج سروس سے 47 کروڑ یکطرفہ پیغامات بھیجے گئے جبکہ دو طرفہ میسج سروس سے 40 لاکھ شہری مستفید ہوئے۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی سید بلال حیدر کی زیر صدارت ارفع ٹاور میں جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔چیئرمین پی آئی ٹی بی کو بتایا گیا کہ سٹیزن کانٹیکٹ سینٹر میں شہریوں کی سہولت کیلئے 200کال ایجنٹس تین شفٹوں میں 24گھنٹے کام کرتے ہیں۔چیئرمین سید بلال حیدر کا کہنا تھا کہ پی آئی ٹی بی کا سٹیزن کانٹیکٹ سنٹر شہریوں اور حکومت کے مابین رابطے کا اہم ترین ذریعہ ہے جو کہ چوبیس گھنٹے آپریشنز اور سپورٹ کی سہولیات فراہم کرتے ہوئے پنجاب کے سرکاری محکموں کی 30 سے زائد ہیلپ لائنز کیلئے اپنی خدمات مہیا کر رہا ہے۔

مزیدخبریں