لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ اور سستے آٹا کے بحران نے شہریوں کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر کی کمی سے گھریلو اور کاروباری زندگی شدید متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔ ابھی سرد ی کا موسم شروع ہوا تو گیس نایاب ہے شدید سردی میں کیا حال ہوگا۔ ایک طرف لوگ گیس کے بل دینے کے باوجود گیس سے محروم احتجاج کرنے پر مجبور ہیں اور دوسری طرف سستے آٹے کے بحران سے غریبوں کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ دیہاڑی دار اور مزدور طبقہ حکمرانوں کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گیا ہے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے عوامی ناشتہ تقریب اور سیاسی و سماجی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں حکمران اور انتظامیہ مہنگائی مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کولگام ڈالنے میں ناکام ہوچکی ہے۔لوگ مہنگا آٹا، چینی، گھی سمیت دیگر اشیاء مہنگی اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں جو عوام پر سراسر ظلم ہے۔