لاہور(سپورٹس رپورٹر)فٹبال ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن فرانس فٹبال ٹیم کے کھلاڑی رافیل وران نے کہاہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مراکش کو آسان نہیں سمجھ رہے۔انہوں نے سیمی فائنل کی حریف ٹیم مراکش کو سرپرائز پیکج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس میچ کیلئے خوش فہمی میں مبتلا نہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ مراکش اتفاق سے یہاں نہیں پہنچی، ہمارے پاس ٹیم میں کافی تجربہ ہے۔ یہ ہمارے تجربہ کار کھلاڑیوں پر منحصر ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر کوئی اگلے میچ کیلئے تیار ہے۔ ہماری ٹیم ارجنٹائن یا کروشیا کیخلاف اتوار کو فائنل کھیلنے کیلئے بے تاب ہے۔ ہم بہت خوش ہیں کیونکہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنا آسان نہیں ہوتا لیکن اصل مقصد ورلڈ کپ جیتنا ہے اور ہمارا ہمیشہ سے یہی مقصد تھا۔ فرانس ٹیم کے ایک مزید کھلاڑی نے تاریخ رقم کرنے پر مراکش کی ٹیم کی تعریف کی ہے۔