لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ کیلئے دونوں ٹیمیں آج بدھ کو ملتان سے کراچی پہنچیں گی۔کھلاڑیوں اور آفیشلز کو وی وی آئی پی پروٹوکول کے تحت سخت حفاظتی حصار میں مقامی ہوٹل پہنچایا جائیگا، جہاں کھلاڑی ایک روز آرام کے بعد کل جمعرات سے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا(نیشنل سٹیڈیم) پر پریکٹس کا آغاز کریں گے۔دوسری جانب 17 دسمبر سے شروع ہونے والے کراچی ٹیسٹ کے لیے سکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا۔ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں ڈی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص کی زیر صدار شہر قائد میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور ان گلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اہم سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونے والے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی سکیورٹی کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔ حکام کے مطابق کوشش کی گئی ہے کہ ٹیسٹ میچ کے دوران شہریوں کو کم سے کم زحمت اٹھانی پڑے۔قبل ازیں اعلی سطحی اجلاس میں انتظامات پر غور کیا گیا اور متعدد فیصلے کیے گئے جبکہ ٹیموں کے روٹ پلان کو ایک دن پہلے جاری کیا جائے گا۔ انگلش ٹیم کو سیریز میں 0-2 کی واضح برتری حاصل ہے۔پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہاہے کہ سیریز میں تو شکست ہوگئی لیکن آخری میچ میں فتح حاصل کرکے انگلینڈ کو پھرپور جواب دینا چاہیں گے۔ خوش ہوں لیکن بدقسمتی سے نتیجہ ہمارے حق میں نہیں آیا، کراچی کی وکٹ بھی سپنرز کیلئے سازگار ہو گی۔ انگلینڈ کی ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں پر منحصر ہے لیکن ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس ریڈ بال کا زیادہ تجربہ نہیں ہے، سعود شکیل اور محمد نواز کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے انہوں نے ملتان ٹیسٹ بہت اچھا کھیلا ہے۔ امام الحق ہسپتال سے آئے اور اچھی بیٹنگ کی، ہم کھیل میں یا تو جیتتے ہیں یا سیکھتے ہیں، امید ہے کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا ہوگا، جو غلطیاں ہوئیں اس کا جائزہ لیں گے۔ٹی وی امپائر جول ولسن کی جانب س سعود شکیل کو آؤٹ دینے پر ثقلین مشتاق نے کہا کہ سعود کے کیچ پر دنیا تبصرہ کررہی ہے، امپائر کے فیصلے ماننے ہوتے ہیں اور صرف ایک کیچ کو لے کر ہی نہیں بیٹھ جانا، ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔
کراچی : ٹیسٹ پاکستان انگلینڈ ٹیم کی آمد سکیورٹی انتظامات فائنل
Dec 14, 2022