لاہور ( سپیشل رپورٹر) ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام خط لکھ دیا۔خط میں کہا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن آرڈیننس 2002 کی اصل روح، مقصد اور مقاصد کو برقرار رکھا جائے۔کوئی بھی قانون سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر منظور نہ کیا جائے۔ خط میں مطالبہ کیا گیاکہ پیش کردہ بل اور دیگر تمام بل جو ایچ ای سی کی خود مختاری کو محدود کرے۔ ایسے بل کومزید کارروائی کیلئے روکا جائے جوکہ ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔ایپ سپ نے اسلام آباد میں تیسری ریکٹرز کانفرنس 2022 کی میزبانی کی۔ اس میگا ایونٹ میں ملک کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے 100 سے زائد وائس چانسلرز اور ریکٹرز نے شرکت کی۔کانفرنس کے شرکا نے متفقہ طور پر ایچ ای سی آرڈیننس 2002 میں ترامیم کی مخالفت کی۔کانفرنس نے یہ بھی سفارش کی ہے ،کہ بین الاقوامی روابط کے قیام اور عالمی درجہ بندی میں عالمی شناخت کو یقینی بنانے کے لیے وائس چانسلرز اور ریکٹرز کو سفارتی پاسپورٹ جاری کیے جائیں تاکہ ویزا کے عمل میں تاخیر سے بچا جا سکے۔