مری (نامہ نگار خصوصی) مری شہر میں پانی کی شدید قلت سے عوام بلبلا اٹھے ہیں ، 9دن سے مری شہر کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔ لگتا ہے کہ انتظامیہ ممکنہ برفباری کے پگھلنے کے انتظار میں ہے ۔فراہمی کیلئے ابھی تک کوئی بھی حکمت عملی تیار نہ کیئے جانے کے نتیجے میں عوام سراپہ احتجاج ہیں ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مری کو ضلع کا درجہ تو دے دیا گیا ہے مگر یہاں کے عوامی مسائل جوں کے توں ہیں ۔ پانی جیسی اہم ترین اور بنیادی ضرورت کا ابھی تک کوئی بھی صحیح حل تلاش نہیں کیا جا سکا جبکہ سابقہ دور میں موجودہ حکومت کی جانب سے ’’بلک واٹر سپلائی ‘‘ کے منصوبہ پر بھاری مالیت کے اخراجات اب مکمل طور پر قصہ پارینہ ہو کر رہ گئے ہیں ۔ان حلقوں نے مری کو ضلع بنائے جانے کی نسبت یہاںپانی جیسے بنیادی مسائل پر مرکوز کیئے جانے پر زور دیا ہے تا کہ پانی کی وافر فراہمی سے ان علاقوں کی معیشت بھی بہتر ہو سکے ۔