کراچی(نیوزرپورٹر)اقوام عالم کو قریب لانے اورجدید علوم کودنیا کے ہر کونے تک پہنچانے میں انٹرنیٹ کا کلیدی کردار رہا ہے۔ آج دنیا بھر کے علوم انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی دسترس میں ہیں، تاہم نئی نسل میںاس کا غلط استعمال لمحہ فکریہ ہے۔ان خیالات کا اظہار ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے گزشتہ روز انٹرنیٹ کا استعمال وقت کی ضرورت لیکن اپنے وقت کا خیال رکھیں کے موضوع پر بیت الحکمہ آڈیٹوریم مدین الحکمہ میں منعقدہ ہمدرد نونہال اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنے صدارتی خطبے میں کیا۔محترمہ سعدیہ راشد نے مزید کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت دنیا بھر
کے علوم اور ان پر کی جانے والی جدید تحقیق و معلومات سمٹ کر محض ایک موبائل کے ذریعے ہر ایک کو دستیاب ہیں۔ان جدید سہولیات نے ہمارے طرز زندگی، کاروباری امور نیز ہر شعبہ ہائے زندگی کویکسر بدل کررکھ دیاہے۔ آپ نونہالوں کوانفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی علمی قابلیت و معلومات بڑھانی چاہئیںکیوں کہ آپ سب مستقبل کے معمار ہیں۔تاہم انٹرنیٹ کا غیر صحت مندانہ استعمال نہ صرف نونہالوں کی ذہنی و جسمانی صحت کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ ان کے قیمتی وقت کو برباد کررہا ہے۔یہ جان لیں آپ نونہالوں کا یہ وقت بہت قیمتی ہے۔ یہی وہ وقت ہے جب آپ نے بلند خواب دیکھنے ہیں، اپنے مستقبل کے اہداف متعین کرنے ہیں اوروالدین کی اطاعت کرنی ہے۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور قائد نونہال شہید حکیم محمد سعید نے اپنے اقوال و اعمال سے وقت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ آپ اپنے وقت کی قدر کریںاور اپنے مستقبل کو روشن بنائیں۔ مہمان خصوصی فاضل جمیلی نے کہا شہر علم مدین الحکمہ میں اس علمی محفل میں نونہالوں کے اردو تلفظ و ادائیگی سننے کے بعد دلی تسلی ہوئی کہ اردو کا تابناک مستقبل ہے۔ یقینا اساتذہ و طلبہ لائق تحسین ہیں۔روز اول سے انسان پر قابو کے لیے نیکی اور بدی میں تنائو کی کیفیت رہی ہے اور اسی سے انسان کا ذہنی و سماجی ارتقا ممکن ہوا۔آج کا دور سائنسی ہے کیوں کہ سائنس نے قدامت پسندی کے خلاف اپنی جنگ عملی طور پر خود کو ثابت کرکے جیت لی ہے، لہذا آپ نونہال سائنس پر خاص توجہ دیں۔شہید حکیم محمد سعید کا ورثہ علم و حکمت کا شہرمدین الحکمہ ہے جو انہوںنے خاص آپ کی راہنمائی کے لیے قائم کیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ آج کا دور ٹیکنالوجی میں مسابقت کا دور ہے۔ وہی اقوام کامیاب ہیں جن کی نوجوان نسل علوم میں کمال حاصل کررہی ہیں۔ والدین اپنی استطاعت کے مطابق اولادکے لیے بہت قربانیاں دیتے ہیں۔ آپ نونہالوں کے والدین آپ کو صحت مند اور کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔آپ ان کے لیے اپنے مستقبل کو سنوارنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔نونہال مقررین نے اس موقع پراپنی پرجوش تقاریر میں عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہید حکیم محمد سعید اور اسلاف کی تعلیمات کی روشنی میں انٹرنیٹ کا درست استعمال کریں گے اور جدید علوم سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ اپنے مستقبل کو روشن بنائیں گے۔اس موقع پرمختلف اسکولوں کے طلبہ نے ملی نغمے اور موضوع کی مناسبت سے ٹیبلو پیش کیے۔ اجلاس کے اختتام پر ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ نے دعائے سعید پڑھی۔
اقوام عالم کو قریب لانے میں انٹرنیٹ کا کلیدی کردارہے‘ سعدیہ راشد
Dec 14, 2022