معیشت کے حالات خراب،کاروبار چلانا مشکل ہوگیا،ڈپٹی چیئرمین سینٹ

Dec 14, 2022


لاہور(کامرس رپورٹر )ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے کہاکہ ملکی معیشت کے حالات اگرچہ بہتر نہیں ان حالات میں کاروبار چلانا بہت مشکل کام ہے، دنیا کا مقابلہ کرنے کےلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔انہوں نے اس امر کا اظہار چین سٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام دوسری پاکستان فیوچر آف ریٹیل بزنس سمٹ اینڈ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے کہاکہ سٹیٹ بینک اور ایف بی آر مشکل حالات میں کاروباری طبقے کو ریلیف دے کیونکہ بحران کے باعث ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہونا شروع ہو گئی ہے۔ دعا ہے ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کر سکیں کرونا کے زور اب نکلا ہے پھر بھی انڈسٹری بہتر ہے، ریٹیلر ایف بی آر ٹیکس کی مد میں ریلیف دے کیونکہ بہت سے نوجوان ہیں جو اس انڈسٹری سے وابستہ ہیں، ریٹیلر کو سٹیٹ بینک اور فنانس منسٹری انڈسٹری کا درجہ دے۔ چین سٹور ایسوسی آف پاکستان کے چیئرمین رانا طارق محبوب نے کہا کہ حکومت ہمیں دس سال کی تجارتی مستقل پالیسی دے تاکہ آئے روز کی کاروباری مشکلات کم ہو سکے، سیاسی عدم استحکام نے کاروبار کو بہت متاثر کیا ہے۔ دو سال کا کرائسس ہے ،سیاسی عدم استحکام کرائسس کو بڑھا رہی ہے، مستقل پالیسی دیں جو دس کےلئے ہو پھر لڑتے رہیں چھ ماہ حکومت تبدیل ہو، ہمیں صرف کام کرنے دیں۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے مقامی ہوٹل میں نمائش میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور ایسوسی ایشن آف چین کی اس مشکل حالات کی کاوش کو سراہا۔
 

مزیدخبریں