سکھر (این این آئی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف منگل کوایک روزہ دورے پرسکھر حیدرآباد موٹروے کا سنگِ بنیاد رکھنے کیلئے سکھر پہنچ گئے ہیں ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق سکھر ایئر پورٹ پر وفاقی وزیرِ آبی وسائل سید خورشید شاہ اور وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔وزیرِ اعظم پہلے سکھر اور پھر حیدر آباد میں موٹر وےکا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقاریب میں شرکت کریں گے ۔ وزیرِ اعظم سکھر اور حیدر آباد میں 306 کلومیٹر طویل سکھر-حیدر آباد موٹروےایم ۔6 کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ سکھر-حیدر آباد موٹروے پشاور کراچی موٹروے( پی کے ایم ) کا آخری حصہ ہے جس کے بعد پاکستان کے تمام بڑے اور اہم شہر موٹرویز سے منسلک ہوجائیں گے۔ مذکورہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 30 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیاجائے گا۔وزیرِ اعظم اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔