لاہور(سپورٹس رپورٹر)فیفا ورلڈکپ میں ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کے بعد لیونل میسی کی جانب سے ڈچ کھلاڑی پر کیے گئے طنز کے الفاظ کو ارجنٹائن میں خرید و فروخت کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کے بعد لیونل میسی رپورٹر سے گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران انہوں نے ڈچ کھلاڑی ویگ ہورسٹ (Wout Weghorst ) کو دیکھ کر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بیوقوف تم کیا دیکھ رہے ہو، دفعہ ہوجاو۔لیونل میسی کے ان لفظوں کو ارجنٹائن میں اتنا پسند کیا جارہا ہے کہ انہیں کیپس اور ٹی شرٹس پر لکھ کر فروخت کیا جارہا ہے۔ بازار میں مختلف اشیاء پر لیونل میسی کی تصویر کے ساتھ ان کے جملوں کو لکھ کر فروخت کیا جارہا ہے۔ ارجنٹائن میں ان کپس کو 9 ڈالر جبکہ ٹی شرٹس کو 17 ڈالر اور کیپس کو 23 ڈالرز تک میں فروخت کیا جارہا ہے۔
مقامی ڈیزائنر کا کہنا ہے کہ میسی کے الفاظ وائرل ہونے کی وجہ سے ہم نے فوراً ہی ٹی شرٹس بنالیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ میسی نے جو زبان استعمال کی ہے وہ یہاں کی سڑکوں پر سنی جانے والی زبان سے نرم ہے۔