بھارتی سپریم کورٹ نے غیر قانونی فیصلہ دیا: وفاقی کابینہ، پہلی سپیس پالیسی منظور

اسلام آباد  (خبرنگارخصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی دی گئی انتخابات کی تاریخ میں کسی قسم کی توسیع، ترمیم یا تبدیلی ایجنڈے پر نہیں، ابھی تک کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا جو الیکشن کے التواء کا باعث بنے، کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، ایک مسّلمہ بین الاقوامی تنازعہ ہے، کشمیری عوام اپنے حق سے دستبردار ہوں گے اور نہ پاکستان اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹے گا، وفاقی کابینہ نے بھارتی سپریم کورٹ کے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے حوالے سے فیصلے کو غیر قانونی فیصلہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے، وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی ’’نیشنل اسپیس پالیسی‘‘ کی منظوری دی، کابینہ نے پاکستان میں مقیم ایسے افغان باشندے جن کا پاکستان کے علاوہ کسی تیسرے ملک میں انخلاء ہونا ہے کے پاکستان میں قیام کی مدت کی حد کو 31 دسمبر 2023 سے بڑھا کر 29 فروری 2024ء کردیا گیا۔ کابینہ نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کا کنٹریکٹ فوری طور پر منسوخ کرتے ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی منظوری دی، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز (سی سی ایل سی) کے 6 دسمبر 2023ء کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی جس کے تحت سائبر کرائمز کے تدارک، پراسیکیوشن اور فیصلہ سازی سے متعلق نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی اور ٹیلی کام ٹربیونل بھی قائم کیا جائے گا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی دسولنگی نے  پریس کانفرنس میں کہا کہ نگران وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اورشہداء کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء پاکستانی قوم کا فخر ہیں، دہشت گردی کے ناسور کے پاکستان سے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رکھیں گے۔  وزیر اطلاعات نے کہا کہ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے نام نہاد فیصلے سے مسئلہ کشمیر پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے اس غیر قانونی طور پر کشمیریوں کی آزادی سلب کرنے کے اقدام کی بھرپور مذمت کرے۔ وزیراعظم نے اجلاس میں اس امر کا اظہار کیا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس نام نہاد فیصلے سے ہماری کوششوں میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے حوالے سے مزید تیزی آئے گی۔   ریاست پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران وفاقی کابینہ نے پاکستان کی افریقہ انگیج پالیسی کے تناظر میں جمہوریہ گیمبیا اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے مابین باہمی سیاسی تبادلہ خیال پر مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک میاں محمد شفیق، چیف ایگزیکٹو انجینئر قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر کا چارج سنبھالیں گے۔  نئے قواعد و ضوابط کے مطابق ایسے افغان باشندے جن کا کسی تیسرے ملک میں انخلاء ہونا ہے اور جن کے پاس کوئی قانونی دستاویز یا پروسسنگ فیس نہیں ہے، ان کے پاکستان میں معینہ مدت سے زیادہ قیام کے نتیجے میں 800 ڈالر کے ہرجانے کو کم کرکے 400 ڈالر کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے افغان باشندوں کے پاکستان میں قیام کی مدت کی حد کو 31 دسمبر 2023ء￿ سے بڑھا کر 29 فروری 2024ء￿ کردیا گیا ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد ہر ماہ 100 ڈالر کے حساب سے ہرجانے کا اطلاق ہوگا ،جس کی زیادہ سے زیادہ حد 800 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔  انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی ’’نیشنل اسپیس پالیسی‘‘ کی بھی منظوری دی۔ پالیسی کے تحت پاکستان میں ابلاغ اور روابط کے لئے بین الاقوامی کمپنیوں کو ’’Low Orbit Sattilite Communication‘‘ کے ذریعے صارفین کو خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس پالیسی کے تحت نہ صرف پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری ہوگی بلکہ معاوضے کی مد میں باہر جانے والا قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جا سکے گا۔  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، سپارکو، وزارتِ دفاع و متعلقہ اداروں کی پاکستان کی پہلی اسپیس پالیسی کی تشکیل کی کوششوں کو سراہا ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ سمندری امور کی سفارش پر کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی خدمات فی الفور اپنے ادارے کو واپس کرنے کی منظوری دی اور ادارے میں سامنے آنے والی بدانتظامی کی تحقیقات کی بھی منظوری دی۔ نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک ریئر ایڈمرل شاہد احمد، ڈی جی آپریشنز پورٹ قاسم اتھارٹی کو اس کا اضافی چارج دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت صحت کی سفارش پر ڈائو ڈینٹل کالج کراچی، نارووال میڈیکل کالج نارووال، لیاقت انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، تھٹہ اور خیرپور میڈیکل کالج خیرپور میرس کی ابتدائی منظوری کے لئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو بھجوانے کے فیصلے کی توثیق کی۔ علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے 23 نومبر 2023ء کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی تاہم کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے فیصلہ موخر کر دیا۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ ادویات کی قیمتوں کے تعین اور ریگولیشنز سے متعلق پورے نظام کا جائزہ لیں۔ کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فارما انڈسٹری ترقی کرے تاہم قیمتوں اور ادویات کے معیار کے حوالے سے عوام کا مفاد مقدم ہوگا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز (سی سی ایل سی) کے 6 دسمبر 2023ء کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ ان فیصلوں میں سائبر کرائمز کے تدارک، پراسیکیوشن اور فیصلہ سازی سے متعلق نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کا قیام شامل ہے، ساتھ ہی ساتھ ٹیلی کام ٹریبیونل بھی قائم کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 22 نومبر 2023ء کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ابھی تک پاکستان کی کسی عدالت اور آئینی ادارے نے موجودہ نگران حکومت کو غیر قانونی قرار نہیں دیا۔  ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تقریباً ساڑھے چار لاکھ غیر قانونی مقیم افراد اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔  ڈیرہ اسماعیل خان واقعہ کا سختی سے نوٹس لیا ہے، ہم پاکستان کے عوام کو دہشت گردی سے بچانے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو سیکورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام میں انہیں کامیابی نہیں ملی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اپنے حق سے دستبردار ہو جائیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...