اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس تنخواہوں کو ڈبل کرنے کا منصوبہ ہے۔ ملک سے دہشتگردی، نفرت اور تقسیم کا خاتمہ کرکے خوشحالی کی راہ ہموار کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ روز ہونے والی دہشتگردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ہماری اندرونی لڑائی کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ ہمیں معاشی اور سکیورٹی پالیسیوں پر ایک دوسرے سے اختلاف ہو سکتا ہے جبکہ ہم دہشتگردی کا مقابلہ صرف متحد ہو کر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں تیزی پر تشویش کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم نے متحد ہوکر پہلے بھی دہشتگردی کو ختم کیا تھا اور اب پھر ختم کریں گے۔ اس وقت کے ڈکٹیٹر جنرل ضیاء نے بھٹو کا یہ قتل کروایا اور وہ جج جنہوں نے ساتھ دینے کی قسم کھائی تھی وہ سہولت کار بنے اور ساتھ ساتھ اس وقت کے سیاستدان اور وکلاء بھی سہولت کار بنے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم دنیا کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں یا شمالی کوریا بننا چاہتے ہیں۔ اگر ہم دنیا کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں تو میں آپ سے یہ وعدہ کرتا ہوں کہ ہم ساری مشکلات پر عبور حاصل کر لیں گے اور نوجوانوں کی قابلیت اور استعداد سے فائدہ اٹھائیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان اور پی ڈی ایم ان مشکلات کو اس لئے حل نہیں کر سکے کیونکہ وہ نفرت اور تقسیم کی روایتی سیاست کرتے رہے۔ ہمیں ملک کے متعلق سوچنا ہے۔ پہلے ایک عام آدمی کا گزارہ 35ہزار میں ہوجاتا تھا لیکن اب اسے 70 ہزار روپے کی ضرورت ہے۔ ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ترقی کر سکتے ہیں لیکن ہمارا مطالبہ ہوتا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر لوگوں پر سرمایہ کاری کرے۔ پہلے لوگوں پر سرمایہ کاری کے لئے جی ڈی پی کا 12.5فیصد میسر ہوتا تھا جو اب سکڑ کر صرف 2فیصد رہ گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک اہم مسئلہ ہے اور ہر سال سیلاب ہمارے انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیتا ہے اور ہمیں ضرورت ہے کہ ایسا انفراسٹرکچر بنایا جائے جو موسمیاتی تبدیلی کو برداشت کر سکے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سیاستدان یہ کہتا ہے کہ اس نے لوڈشیڈنگ ختم کر دی تھی لیکن پسماندہ علاقوں کے عوام حیرت کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ کیا بات کر رہا ہے۔ اگر ہم ہر ضلع اور ڈویژن میں گرین انرجی زون بنائیں اور پرائیویٹ سیکٹر کو اور ہائیڈل انرجی مہیا کرنے کے لئے کہیں تو عوام کو سستی بجلی مہیا ہو سکتی ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی کی خواتین نے پارٹی اور ملک کی ترقی میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ پارٹی کی خواتین نے ہمیشہ اہم رول ادا کیا ہے اور ڈکٹیٹروں اور ظالم حکومتوں کا کا مقابلہ کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک کی غریب خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنائیں۔ صوبہ سندھ میں ہم نے پیپلزپاورٹی ایلیویئشن (Peoples Poverty Alleviation) پروجیکٹ متعارف کروا چکے ہیں جس کے ذریعے بلاسود قرضے خواتین کو دئیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ یہ ہمارا سب سے کامیاب پروگرام ہے اور ہم اسے پورے ملک میں متعارف کرانا چاہتے ہیں۔
دہشت گردی، نفرت، تقسیم کا خاتمہ، خوشحالی کی راہ ہموار کرینگے: بلاول
Dec 14, 2023