اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ وقائع نگار+نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں حملہ کرنے والے دہشت گرد جنگ ہارچکے ہیں، دہشت گردوں کی شکست کا صرف اعلان باقی ہے۔ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں دہشت گرد حملے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ میں جنہیں حوصلہ دینے گیا تھا انہوں نے مجھے حوصلہ دیا، دہشت گرد ایک حملہ کریں گے ہم دس قدم آگے بڑھیں گے، وہ 10 حملے کریں گے ہم 100 قدم آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کے جذبے جوان ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے۔نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اس جیتی ہوئی جنگ میں جنہوں نے قربانیاں دیں وہ یہاں اور جنت میں بھی راحت میں ہوں گے، علمائے حق ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گرد ہمیں کبھی خوف زدہ نہیں کرسکتے، وہ کوئی بھی حربہ استعمال کرلیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے جبکہ ہم جیتے ہوئے لوگوں کے ساتھ ہیں چاہے وہ یہاں ہوں یا آخرت میں۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور وہ انہیں مل کر رہے گی۔ انوارالحق کاکڑ نے ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے مودی حکومت کے قبضے کی بھارتی سپریم کورٹ سے توثیق کی کوئی حیثیت نہیں کیونکہ بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے ہر طرح سے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا ، آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور وہ مل کر رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طورپرنظربند حریت رہنما یاسین ملک سمیت کشمیری حریت رہنمائوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ عکاوہ ازیں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرینگے۔
دہشت گرد جنگ ہار چکے صرف اعلان باقی، خوف زدہ نہیں کر سکتے: وزیراعظم
Dec 14, 2023