افغانستان سے طورخم کے راستے جدید امریکی اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام

  کوئٹہ (آئی این پی ) افغانستان سے طورخم کے راستے جدید امریکی اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔ کسٹم اور سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے آنے والی گاڑی میں پیاز سے بھری بوریوں سے جدید امریکی ہتھیار برآمد کرلیے جبکہ افغان ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں ۔ برآمد کیے گئے اسلحہ میں جدید امریکی ساختہ ایم فور، کلاشنکوف، میگزین، ہزاروں گولیاں، امریکی رائفل گرنیڈ، نائٹ ویژن سائیٹس اور لیزر بیم شامل ہیں ۔ امریکی اسلحہ کی سمگلنگ اور سکیورٹی فورسز کے خلاف امریکی اسلحہ کا استعمال افغان عبوری حکومت کا اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کے دعوں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ پاکستان افغانستان سے توقع رکھتا ہے کہ ٹی ٹی پی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے اور غیرقانونی ہتھیاروں کی سمگلنگ کو روکے، ماضی میں بھی بارہا دہشتگردی کے واقعات میں افغان نژاد دہشتگردوں اور غیر ملکی اسلحہ کے استعمال کے ثبوت منظر عام پر آچکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن