کراچی (آئی این پی ) سینئر سیاستدان اور سابق وزیر اعظم شاہد خان عباسی نے کہا ہے کہ میرا اصولی فیصلہ ہے الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا۔ کراچی میں نیب کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نیب اور عدالت سے پوچھتے ہیں کہ ہمارے کیس کیا ہیں، نواز شریف کے کیسز دیکھ لیں انہیں الیکشن سے پہلے کس طرح فیصلے دیئے گئے، لیکن آج پانچ سال بعد انہیں ہائی کورٹ نے بری کر دیا۔ سابق وزیر اعظم نے سوال اٹھایا کہ نواز شریف کی بریت کے بعد کوئی سابق چیئرمین قومی احتساب بیورو ( نیب ) جاوید اقبال سے سوال کرے گا کہ یہ جعلی کیسز کیوں بنارہے تھے ؟۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس ملک کا انصاف ناانصافی پر مبنی ہو وہ ملک نہیں چل سکتا ، یہ ملک چلے گا یا نیب ، ملک چلانا ہے تو نیب کو ختم کریں، جو شخص تین دفعہ وزیر اعظم رہا ہو اسے انصاف نہیں ملے گا تو کسی انصاف ملے گا ، دوسرے ممالک کو دیکھ لیں جو ترقی کر رہے ہیں، جہاں انصاف ہوگا وہ ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کو حساب دینا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے جو آج سیاسی حالات ہیں ان میں الیکشن کچھ دن آگے جاسکتے ہیں، چوہدری نثار کی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) میں جانے سے متعلق مجھے کچھ نہیں معلوم ،تاہم، میرا اصولی فیصلہ ہے الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ضرور کرائیں مگر اقتدار برائے اقتدار نہیں ہونا چاہیے۔
اصولی فیصلہ ہے الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا، شاہد خاقان عباسی
Dec 14, 2023