پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنا لیے ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر 76 اور مارنوس لبوشین صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو وہ بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں ہماری ٹیم میں دو کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں۔قبل ازیں عامر جمال اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ کیپ دی گئی، شاہین آفریدی اور حسن علی نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی۔پاکستان کیخلاف میچ کیلئے پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل سٹارک پر مشتمل ٹیم میدان میں اتری ہے دوسری جانب قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عامر جمال اور خرم شہزاد ڈیبیو کر رہے ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باہمی ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے ریکارڈز کو دیکھا جائے تو شاہینوں کا پلڑا کمزور نظر آتا ہے، قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی تاہم پاکستان نے آسٹریلیا میں آخری ٹیسٹ میچ 1995ء میں مشتاق احمد کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث جیتا تھا، مشتاق احمد نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 26 ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی ہیں جن میں سے کینگروز نے 14 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 7 میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی ہے، پانچ سیریز برابر رہیں، پاکستان نے آسٹریلیا میں 13 ٹیسٹ سیریز کھیلیں اور کسی ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کی جبکہ قومی ٹیم تین سیریز برابر کر سکی، آسٹریلیا نے 10 سیریز جیتی ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مجموعی طور پر 69 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں سے کینگروز نے 34 اور پاکستانی ٹیم نے صرف 15 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ 20 میچز بغیر نتیجہ رہے، پاکستان نے آسٹریلیا کی سرزمین پر 37 میچز کھیلے اور صرف 4 میں کامیابی حاصل کی، قومی ٹیم نے آسٹریلیا میں آخری ٹیسٹ سیریز 2019ء میں کھیلی جس میں دو صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔