سرینگر+لاہور ( خبر نگار خصوصی /ثناء نیوز/ این این آئی) کشمیر میں بھارت کے خلاف برسرِ پیکار تنظیموں نے پاکستان کی طرف سے ممبئی حملوں کے سلسلے میں لشکرِ طیبہ کے کمانڈر ذکی الرحمن اور دیگر کے خلاف مقدمات کے اندراج کے بارے میں کہا ہے کہ پاکستان، امریکہ اور بھارت کے دباؤ کے سامنے جھک گیا۔ یہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ کالعدم لشکر طیبہ کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ غزنوی نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ ’ذکی الرحمن سمیت لشکر کے ساتھ وابستہ افراد کے خلاف ایف آئی آر دراصل بھارت اور امریکہ کے سامنے پاکستانی حکمرانوں کی پسپائی کا ثبوت ہے۔ علاوہ ازیں متحدہ جہاد کونسل نے بھی اس فیصلہ کو قابل مذمت قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ بھارت کی طرف سے فراہم کردہ مواد محض معلوماتی تھا اور اس میں کوئی قابل قدر ثبوت یا شواہد نہیں تھے۔ حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی نے اس فیصلہ کو ’پاکستانی خارجہ پالیسی کا زوال‘ قرار دیا۔ حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر ظفرعبدالفتح نے کہا کہ ممبئی میں جوکچھ بھی ہوا وہ یقیناً ایک دہشت گردانہ حملہ تھا۔ اسی لیے جہادی قیادت جس میں لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین بھی شامل تھی، نے اس کی واضح الفاظ میں مذمت کی۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سابق چیف کمانڈر جاوید احمد نے کہا کہ پاکستان نے جو بھی فیصلہ کیا اپنے دفاعی مفاد میں کیا۔ دریں اثناء چیف لشکر طیبہ قاری عبدالواحد کشمیری نے پاکستان کی طرف سے ذکی الرحمان سمیت دیگر افراد کیخلاف ممبئی حملوں کی ایف آئی آر درج کرنے کو کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کو اپنا سب سے بڑا سفیر سمجھتی ہے۔ لیکن افسوس ہے کہ پاکستانی حکمرانوں کے اقدامات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو پوری دنیا میں بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس سے پوری کشمیری قوم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔ نامعلوم مقام سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے چیف لشکر طیبہ نے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کا شہہ رگ قرار دیا تھا لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی حکمران بھارت سے یکطرفہ دوستی کی پینگیں بڑھانے کیلئے خود اپنی شہ رگ سے جان چھڑانے کے چکر میں ہیں۔دریں اثناء علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے‘ آج بھی کشمیری عوام کے دل پاکستانیوں کے دلوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتمام مباحثے بعنوان ’’آزادی کشمیر کا واحد حل جہاد ہے‘‘ سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان محمد غیاث‘ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر سید عبدالرشید ترابی‘ ڈپٹی سپریم کمانڈر حزب المجاہدین محمد جاوید قصوری نے بھی خطاب کیا۔