وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے ماڈل ٹائون میں انکی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض احمد کا کہنا تھا کہ انیس نکاتی ایجنڈے پرعملدرامد کےلیےانہوں نے وزیراعلی پنجاب کو صوبائی سطح پر بننے والی مشترکہ کمیٹی کےلیے دو نام دے دئیے ہیں جن میں صوبائی وزراء تنویر اشرف کائرہ اور اشرف سوہنا شامل ہیں ۔ راجہ ریاض نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب منگل کے روز مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواشریف سے مشاورت کے بعد اپنی جماعت کی جانب سے تین نام دیں گے جس کے بعد کمیٹی باقاعدہ طور پرکام شروع کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے مینڈیٹ میں مسلم لیگ نون کے صوبائی وزراء کی کرپشن کے باعث انہیں وزارتوں سے الگ کرنے سمیت مختلف دیگر امور شامل ہیں انہوںنے بتایا کہ ملاقات میں طے پایا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ہررکن کو گریڈ ایک سے چار تک پینتیس ملازمین کی بھرتی کا کوٹہ دیا جائے گا، اور یہ مرحلہ اٹھائیس فروری تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ جن وفاقی وزراء کو نئی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا ،ان پر بدعنوانی کا الزام عائد کرنا درست نہیں اور اصل صورتحال جلد واضح ہوجائے گی۔ راجہ ریاض نے الزام عائد کیا کہ سستی روٹی سکیم میں پنجاب حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔