آزاد کشمیرسمیت ملک کے شمالی اوربالائی علاقوں میں برفباری اوربارشوں کے باعث شہری شدید مشکلات سےدوچار ہیں،اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہونے سے متعدد سیاح بھی ان علاقوں میں پھنس گئے

اسکردو کے نشیبی اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے ضلع بھر میں موسم شدید سرد ہے اور معمولات زندگی معطل ہیں۔ برف کے باعث اسکردو راولپنڈی شاہراہ بند ہوگئی ہے اور مقامی مسافروں سمیت غیر ملکی سیاح بھی اسکردو میں پھنسے ہوئے ہیں ۔غذر کے بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے ہونیوالی برف باری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں۔چلاس میں موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔برفانی تودہ گرنے سے شاہراہ قراقرم کوہستان کیال کے مقام پر بند ہوگئی ہے۔استور میں آج چوتھے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔مری میں چند دن کے وقفے کے بعد برف باری اور بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہےاور سیاح دلکش مناظر اور برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لئے مری پہنچ رہے ہیں۔ ادھر چمن سمیت شمالی بلوچستان میں موسلادھاراوربرف باری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں برف باری اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ سرگن کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے ایک سکول اور دو دکانیں تباہ ہوگئیں۔لینڈسلائڈنگ کے باعث دارالحکومت مظفرآباد کا اسلام آباد کے سوا دیگر تمام علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔

ای پیپر دی نیشن