لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان نیشنل فورم نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث غیر یقینی صورتحال سے نکالنے کیلئے 13 نکاتی سفارشات پیش کی ہیں۔ پاکستان نیشنل فورم کے زیر اہتمام ”عام انتخابات 2013ءاور ہماری قومی ذمہ داری کے تقاضے“ کے موضوع پر سیمینار سابق چیف جسٹس پاکستان شیخ ریاض احمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام مہمان مقرر تھے جبکہ ائر مارشل (ر) ظفر اے چودھری، ایڈمرل یسطور الحق ملک مہمان خصوصی تھے۔ مقررین میں دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل (ر) نشاط احمد، تجزیہ نگار انتظامی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول، سابق چیف سیکرٹری پرویز مسعود، ماہرین آئینی و قانونی امور شاہد حامد، جسٹس (ر) میاں محبوب احمد، ماہر امور خارجہ شمشاد احمد خاں، سندھ اور کراچی امور کے ماہر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نصیر اختر، ماہر امور قبائلی علاقہ جات لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہمایوں بنگش، ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، ماہر امور اندرونی سکیورٹی تسنیم نورانی، خالد محمود، ائر وائس مارشل (ر) امجد حسین و دیگر نے خطاب کیا۔ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور ریاست کے تمام ستون آئین پاکستان کے مطابق اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں اور فرائض ادا کریں۔ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے عام انتخابات کا بروقت انعقاد از حد لازم ہے۔ نئے صوبوں کی تشکیل کا معاملہ آنے والی منتخب حکومتوں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں پر چھوڑ دینا چاہئے۔ مستقبل قریب میں وجود میں آنے والی قومی و صوبائی اسمبلیوں پر لازم ہو گا کہ بلدیاتی انتخابات جلد از جلد آئین اور موجودہ قوانین کے تحت یقینی بنائے جائیں۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون بن چکا ہے اسے چاہئے کہ اپنی قومی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے غیر جانبدارانہ کردار ادا کرے تاکہ عوام اپنا حق رائے دہی صحیح طور پر استعمال کر سکیں۔ انتخابات کے دوران پرامن ماحول بنانے کیلئے تمام ذمہ داران اور سیاسی حلقے ذمہ داری، صبر و تحمل، امن و دوستی اور اعلیٰ محکمانہ کارکردگی کا ثبوت دیں۔ الیکشن کمشن کو متنازع بنانے کی روش کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دوسری جماعتوں کی مشاورت سے جلد از جلد انتخابی شیڈول کا اعلان کریں۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومتیں اور ایجنسیاں اپنی توجہ مرکوز کریں۔ الیکشن کمشن پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآد یقینی بنایا جائے۔ ریاست کے تمام سطح کے عہدیداران مکمل غیر جانبدارانہ ذہن کے ساتھ اپنی سرکاری ذمہ داریاں ادا کریں۔ ووٹ دہندگان اپنا حق رائے ضرور ضرور استعمال کریں۔ ہائی ٹرن آ¶ٹ پاکستان میں جمہوریت کی بقاءو کامرانی کی ضمانت ہو گی۔