اسلام آباد + لاہور (نیوز ایجنسیاں + خصوصی نامہ نگار) ملک میں دہشتگردی کے خلاف متفقہ حکمت عملی طے کرنے کےلئے عوامی نیشنل پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس میں 27 جماعتوں نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے یہ کانفرنس آج 14 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی جس کے دو سیشن ہونگے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ ملک کی بڑی سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں سمیت سپریم کورٹ بار، پاکستان بار کونسل اور قبائلی گرینڈ جرگے کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کا یک نکاتی ایجنڈا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کےلئے کیا اقدامات کئے جائیں۔ ان اقدامات میں طالبان سے مذاکرات سمیت دیگر تمام امور پر غور کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ تمام جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے تاہم جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے۔ کانفرنس میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ (ق) بھی شرکت کریں گی۔ حاجی محمد عدیل کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں جمعیت علماءاسلام (ف) آل پارٹیز کانفرنس میں آج (جمعرات) شرکت کرے گی، مولانا امجد خان نے میڈیا کو بتایا کہ جے یو آئی کا وفد مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں اے پی سی میں شریک ہوگا اور وفد میں محمد اکرم خان درانی، مولانا عطاءالرحمن، مولانا عبدالشکور شامل ہوں گے۔ دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی نے حکومت اور عسکریت پسندوں کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے لئے اعتماد سازی کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بات چیت کے لئے آزاد و خودمختار مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کریں۔ جماعت اسلامی پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے تحفظات کے ساتھ آج آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہو۔ میاں افتخار حسین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وجہ سے بہت تباہی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمن کے قطر میں طالبان سے مبینہ مذاکرات پر ناخوش نہیں ہیں تاہم یہ ضروری ہے کہ امریکہ، افغانستان، پاکستان کوئی بھی مذاکرات کرے تینوں کو ایک دوسرے کو اس بارے اعتماد میں لینا چاہئے۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے میڈیا سیکرٹری محمد نواز کھرل کے مطابق پانچ رکنی وفد صاحبزادہ فضل کریم کی قیادت میں اے پی سی میں شرکت کرے گا۔ علاوہ ازیں جمعیت علماءپاکستان نے بھی اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کر لیا اور جے یو پی کے چیئرمین پیر اعجاز ہاشمی اور سینئر نائب صدر شاہ محمد اویس نورانی اپنی جماعت کی نمانئدگی کریں گے۔
اے پی سی
اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس آج ہو گی‘ 27 جماعتیں شرکت کرینگی
Feb 14, 2013