لاہور (خبرنگار) صدر زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے لاہور میں 6بھرپور مصروف دن گزارے۔ ان 6دنوں میں انہوں نے فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویژن کے ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈروں اور عہدیداروں سے تو ملاقاتیں کیں مگر لاہور کے ٹکٹ ہولڈر پنجاب کے عہدیدار، لاہور کے عہدیدار، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ذوالفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کے پرانے جانبازوں سے ان کی ملاقات نہ ہو سکی۔ یہ تمام افراد اس انتظار میں رہے کہ اب ان کو بلایا جائے گا۔ مگر یہ بلاوا آنے سے پہلے ہی صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری واپس چلے گئے۔ صدر کی واپسی پر پرانے جیالوں اور صوبائی و ضلعی قیادت کا یہ کہنا تھا کہ ہمیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ہم کیا کریں۔ ساری عمر جس پارٹی میں گنوائی ہے اس کو چھوڑا بھی نہیں جا سکتا۔ ہم نے اسی گھر میں رہنا ہے اور شاید گھر کے مالکان کو بھیےہ پتہ ہے کہ ہم اس گھر کو چھوڑ کر نہیں جا سکتے۔