جیکب آباد (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت نیوز) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات پائیدار ہیں۔ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ ہم ملکر روشن پاکستان کی تعمیر کیلئے تعلیم، صحت، توانائی اور دیگر معاشی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ہسپتال کی تعمیر سے سندھ اور بلوچستان کے لاکھوں عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیںگی۔ امریکی تعاون سے سندھ میں جامشورو تھرمل پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداواری صلاحیت کو 150میگا واٹ تک بڑھایا جائیگا۔ 2014ءمیں افغانستان کا کنٹرول افغان سکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا جائیگا۔ دسمبر کے آخر تک 3لاکھ 50 ہزار افغان سکیورٹی فورسز کو تیار کرلیا جائیگا جو طالبان کے خلاف لڑ سکیں گے۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ ڈرون حملے پاکستان میں کب تک جاری رہیں گے؟ امریکی سفیر نے جواب دیا کہ ہم سب دہشت گردی اور انتہاپسندی کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان میں متعین امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی سے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پشاور میں متعین امریکی قونصلیٹ رابرٹ جی ر یڈ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال ، خیبر پی کے میں ترقیاتی حکمت عملی اور دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں خیبر پی کے کے عوام اور اے این پی کے کارکنوں نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ ملک کی سالمیت اور قوم کی بقاءکےلئے اے این پی کے کارکنوں کی قربانیاں اظہر من الشمس ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوات میں قیام امن کےلئے حکومت اور سیکورٹی فورسز کو وہاں کے عوام کی بھر پور حمایت اور تعاون حاصل تھا۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی کےلئے کوشاں رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے امریکی سفیر کو یادگاری شیلڈ بھی دی۔ امریکی سفیر پیر پگاڑا سے بھی ملے، انہوں نے سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔ اولسن نے کہا الیکشن آ رہے ہیں، امریکہ پاکستان کو جمہوری طور پر مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔