تہران / ویانا (اے ایف پی+ این این آئی) ایران نے یورینیم افزودگی کی رفتار مزید تیز کرنے کے لئے نتانز ایٹمی تنصیب میں جدید سینٹری فیوجز لگا دیے۔ جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ فردیون عباس نے بتایا یہ کام ایک ماہ قبل شروع کیا گیا۔ یہ مشینیں جدید ہیں اور یورینیم کی 5 فیصد تک افزودگی کرینگی۔ ادھر این این آئی کے مطابق عالمی ایجنسی برائے جوہری توانائی آئی اے ای اے کا ایک اعلیٰ سطحی وفد مذاکرات کے لئے تہران پہنچ گیا۔ ایران روانہ ہونے سے قبل عالمی ایجنسی کے سربراہ ہیرمن نیکارٹس نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دورے کے دوران تہران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر کامیاب مذاکرات کے لئے پرامید ہیں۔ ہیرمن نیکارٹس نے کہا کہ وہ دورے کے موقع پر ایران کے ساتھ اس کے متنازع جوہری پروگرام پر اختلاف دور کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اقوام متحدہ کے ماہرین ایران کے اعلیٰ حکام سے رواں برس مذاکرات کے آٹھویں دور میں ملاقاتیں کریں گے۔ ایران نے کہا ہے کہ روس کے تعاون سے جلد ہی بوشہر کے دوسرے ری ایکٹر کو بھی فعال کر دیا جائے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ بات ہمارے معاہدہ شامل ہے کہ روس جو بجلی گھر تعمیر کرے گا اس کی استعداد پانچ ہزار میگا واٹ ہوگی۔ بوشہر جوہری بجلی گھر ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے، ابھی چار ہزار میگاواٹ باقی ہے۔ انہوں نے یاددہانی کرائی کہ بین الحکومتی کمیشن کے مابین پرامن جوہری توانائی کے استعمال کا یہ معاہدہ 24 اگست 1992 کو ہوا تھا۔