شاہ کوٹ + ننکانہ صاحب+ فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) شاہ کوٹ شہر کے نواحی علاقہ میں درندہ صفت نوجوان ہاشم نے ایک شیرخوار بچی عالیہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ نواحی گائوں جھگیاں کرنالیاں میں 7 ماہ کی ایک شیرخوار بچی اپنے گھر میں اکیلی محو خواب تھی گائوں کا ایک 18 سالہ نوجوان ہاشم موقع پا کر اس کے گھر زبردستی داخل ہو گیا اور بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ وقوعہ کے بعد ملزم معصوم بچی کو خون میں لت پت اور بے ہوشی کے عالم میں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ بچی کی حالت انتہائی نازک بیان کی جاتی ہے۔ بچی کے لواحقین کسی قریبی گھر میں گئے ہوئے تھے۔ پولیس تھانہ صدر شاہ کوٹ نے ظلم کا شکار بچی کے والد محمد صدیق کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ معلوم ہوا ہے ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف جرم کر لیا ہے۔ این این آئی کے مطابق مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی بھٹہ مزدور کی سات ماہ کی بچی کو تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا ارشد بچی کی عیادت کے لئے چلڈرن ہسپتال پہنچ گئے۔کمسن بچی کی والدہ کا کہنا ہے انکے وہم و گمان میں بھی نہ تھا ایسا بدترین واقعہ پیش آجائے گا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جو بچی کا رشتہ دار ہے۔ دوسری جانب مشیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال میں بچی کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مبینہ زیادتی کی شکار بچی کو 10 سے 15 دن ہسپتال میں رہنا پڑے گا اور اسکے 3 سے 4 آپریشن کرنا ہوں گے۔ انہوںنے ہسپتال انتظامیہ کو بچی کو علاج معالجے کی تمام سہولیات مفت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ رانا محمد ارشد نے بچی کی عیادت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بچی سے مبینہ زیادتی کے ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی جبکہ متاثرہ خاندان کو مالی و قانونی امداد بھی دی جائے گی۔ علاوہ ازیں فیصل آباد شہر اور گردونواح میں سات خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ جھنگ بازار لطیف پارک کے عظمت نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے پولیس کو بتایا اس کی 14سالہ بیٹی (س) اکیلی گھریلو کام کاج میں مصروف تھی اسی دوران مسلح ملزم عاصم اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اسے گھر سے زبردستی اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گیا جہاں اسے باری باری مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ ملت ٹاؤن چک نمبر202 ر۔ب کے یاسر کی شادی شدہ ہمشیرہ کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ محلہ گارڈن کی آسیہ بی بی کی جیٹھانی کو ملزمان ارشد وغیرہ نے گھر سے اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ بٹالہ کالونی شالیمار ٹاؤن کی سونیا نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم شفیق اس کو شادی کا جھانسہ دے کر کافی عرصہ تک زیادتی کا نشانہ بناتا رہا جبکہ حاملہ ہونے کے بعد بیٹا پیدا ہو گیا جس پر ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ روڈالہ روڈ چک نمبر377گ۔ب کے اشرف کی بھاوج گھریلو سودا سلف لینے بازار جا رہی تھی راستہ میں ملزمان نثار وغیرہ اسے زبردستی اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے جا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ گڑھ چک نمبر541گ۔ب کی رہائشی (ن) کو ملزمان شوکت وغیرہ آٹھ افراد نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا جبکہ ماموں کانجن چک نمبر501گ۔ب کی کو ملزم برکت نے گھر میں گھس کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا جس پر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔لاہور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق لاہور میں آٹھویں جماعت کی طالبہ سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم فیاض نے بچی کو ٹیوشن جاتے ہوئے اغواء کیا۔ بچی کے شور مچانے پر محلے داروں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ قلعہ گوجر سنگھ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔