اسلام آباد (جاوید صدیق) گزشتہ رات یہاں امریکی سفارتخانہ کی تقریب میں کراچی میں پولیس بس پر طالبان کے حملے اور اس کی ذمہ داری طالبان کی جانب سے قبول کئے جانے پر سفارت کاروں اور سیاستدانوں کا سوال یہ تھا کہ اب مذاکرات کا کیا نتیجہ نکلے گا۔ قومی اسمبلی کے رکن اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اب مذاکرات کا مستقبل مخدوش ہے۔کئی سفارت کار یہ جاننے کے لئے بے تاب تھے کہ حکومت اور طالبان کے مذاکرات کا کیا بنے گا۔ ایک مغربی ملک کے سفارت کار یہ جاننا چاہتے تھے کہ کیا حکومت اور طالبان میں سنجیدہ مذاکرات ہو رہے ہیں یا محض کوئی سیاسی ڈرامہ ہے۔کراچی کے افسوس ناک واقعہ نے حکومت طالبان مذاکرات کے بارے میں کئی سوال کھڑے کر دئیے ہیں۔ ایک غیر ملکی سفارت کار نے حکومت اور طالبان کے مذاکرات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کار اپنی زبان اس وقت تک بند رکھتے ہیں جب تک کوئی مثبت نتیجہ نہ نکل آئے لیکن یہاں تو مذاکرات کار بہت زیادہ باتیں کر رہے ہیں۔ شائد عملاً پیش رفت نہیں ہو رہی ہے۔