کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں اے این پی کے کارکن سمیت تین افراد ہلاک اور نو عمر لڑکا زخمی ہوگیا۔ ابراہیم حیدری کے علاقے میں نامعلوم افراد نے اے این پی کے کارکن35 سالہ امجد خان کو اغواء کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور اس کی لاش ایک رکشہ میں ڈال کر فرار ہوگئے تاہم پولیس کا کہنا ہے اس کیخلاف مقدمات موجود ہیں۔ سائٹ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کر دیا جبکہ نپئر کے علاقے لیمارکیٹ میں نعمت کدہ ہوٹل کے قریب مسلح افراد نے ایک شخص افضال افغانی کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ کراچی میں رینجرز کا ٹارگیٹڈ آپریشن اور پولیس کے چھاپے جاری ہیں اس دوران ایک اغواء کار اور گینگ وار کے کارندوں اور جرائم میں ملوث سیاسی کارکنوں سمیت119 ملزموں کوگرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق اغواء کار کی گرفتاری خادم سولنگی گوٹھ سے عمل میں آئی اور سپر ہائی وے سے اغواء ہونے والے تین افراد کو بازیاب کرلیا گیا جن کی رہائی کے عوض ستر لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پٹھان کالونی‘ جام گوٹھ‘ بلال کالونی‘ پی اینڈ ٹی کالونی‘ پہلوان گوٹھ‘ پٹیل پاڑہ‘ سجن گوٹھ‘ میٹروول‘ فرنٹیئر کالونی اور لیاری میں ٹارگیٹڈ آپریشن جبکہ حلیمہ گارمنٹ فیکٹری کورنگی مدھو گوٹھ اور اکبر روڈ کے علاقوں میں سنیپ چیکنگ کی گئی۔ منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں ماربل فیکٹری پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں بھتہ گروپ ملوث ہے۔