میانوالی + بھکر (نمائندگان + نامہ نگار) جعلی ڈگری کیس میں ملوث سابق ممبران اسمبلی رشید اکبر نوانی اور سعید اکبر نوانی کی ضمانت ہونے پر سنٹرل جیل میانوالی سے رہا کردیا گیا ہے۔ رہائی کے موقع پر میانوالی تلہ گنگ روڈ پر واقع سنٹرل جیل میانوالی کے باہر ہزاروں افراد نے ان کا استقبال کیا۔ ان کے حامی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ سابق ایم این اے رشید اکبر خان نوانی اور سابق ایم پی اے سعید اکبر خان نوانی نے 2008 کے عام انتخابات میں بی اے کی شرط لازم ہونے پر اپنے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جو بی اے کی اسناد کی فوٹو کاپیاں لگائی تھیں جو جعلی قرار پانے پر سیشن کورٹ بھکر نے اُن کو دس دس سال سزا کا حکم سنایا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ میں اپیل میں جانے پر ہائیکورٹ نے اُس کی سزا کو معطل کرکے ضمانت پررہائی کے احکامات جاری کئے۔ سنٹرل جیل سے رہائی کے موقع پر میانوالی پولیس نے جیل کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں رشیداکبرخان نوانی اور سعیداکبرخان نوانی میانوالی جیل سے رہائی پانے کے بعد بھکر پہنچ گئے۔ نوانی ہائوس بھکر میں نوانی بادران کے استقبال کے لئے سارادن جشن کا سماں رہا، میانوالی سے بھکر روانگی سے قبل سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ان کے ہمراہ تھا۔